باخبر وجاندار رائے عامہ سے سرکاری اداروں و عہدیداروں کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے، گورنر پنجاب

بدھ 28 ستمبر 2022 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 ستمبر2022ء) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہاہے کہ باخبر اور جاندار رائے عامہ سے نہ صرف سرکاری اداروں اور عہدیداروں کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے بلکہ گڈگورننس کا حصول بھی ممکن ہوتا ہے، سول سوسائٹی کے باشعور طبقوں کے نمائندہ افراد کا ایک چھت تلے اکٹھا ہونا پاکستان میں رائٹ ٹو انفارمیشن (آرٹی آئی)قانون کے نفاذ کے لئے خوش آئند ہے۔

انہوں نے یہ باتیں گورنر ہائوس میں پنجاب انفارمیشن کمیشن کے زیراہتمام انٹرنیشنل رائٹ ٹو انفارمیشن ڈے کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں رول آف لا ء کے نفاذ میں آر ٹی آئی کا کلیدی رول ہے اور اس مشن کو ہم سب مل کر ہی پورا کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ جان کا خوشی ہوئی ہے کہ پنجاب انفارمیشن کمیشن نے پچھلے 4سالوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف دس ہزار سے زائد رائٹ ٹو انفارمیشن کی شکایات نمٹائی ہیں بلکہ پنجاب بھر میں پبلک انفارمیشن افسران کی ٹریننگ اور عوام کو آر ٹی آئی سے آگاہی کے لئے بے شمار سیمینار بھی منعقد کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی قابل تحسین ہے کہ چیف انفارمیشن کمشنر نے صوبہ بھر کی بیشتر بار ایسوسی ایشن سے خطاب کیا اور وکلاء برادری کو آرٹی آئی کے قانون کی اہمیت سے روشناس کرایا۔ گورنر پنجاب نے اس موقع پر رائٹ ٹو انفارمیشن کے موثر نفاذ کے لئے اپنے بھر پور تعاون کایقین دلایا اور کہا کہ ہم سب کو مل جل کر ہی پاکستان کو سنوارنا اور اداروں کو مضبوط کرنا ہے۔

گورنر نے پنجاب انفارمیشن کمیشن کو رائٹ ٹو انفارمیشن (آر ٹی آئی)کے بین الاقوامی دن کے موقع پر تقریب منعقد کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔تقریب میں چیف انفارمیشن کمشنر ،پنجاب انفارمیشن کمیشن محبوب قادر شاہ ، سید کو ثر عباس ایگزیکٹو ڈائریکٹر سسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن ایس ایس ڈی او، معزز ججز، وکلاء برادری، میڈیا ہائوسز بیوروچیفس اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کی کثیر تعداد موجود تھی۔ تقریب کے آخر میں محمد بلیغ الرحمان نے ماہرین تعلیم، پبلک انفارمیشن آفیسرز اور میڈیا ہائوسز کے بیوروچیفس میں قانون کے تحت معلومات کو موثر طریقے سے استعمال کرنے اور پھیلانے میں ان کے کردار پر پنجاب رائٹ ٹو انفارمیشن چیمپئنز ایوارڈز 2022 بھی تقسیم کیے۔