Live Updates

ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کے بری ہونے پر تحریک انصاف کا ردعمل

نیب کا پراسکیوٹر اپنا لگا کر این آر او ٹو حاصل کر لیا گیا،سب چوروں کی رہائی جاری ہے،فرخ حبیب

Abdul Jabbar عبدالجبار جمعرات 29 ستمبر 2022 16:04

ایون فیلڈ ریفرنس  میں مریم نواز کے  بری ہونے پر  تحریک انصاف کا ردعمل
اسلام آباد (اردوپوائنٹ،اخبارتازہ ترین۔29 ستمبر 2022 ء) ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کے بری ہونے پر تحریک انصاف کا ردعمل آ گیا۔ تحریک اںصاف کے سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ حسین نواز نے کہا تھا لندن محلات کی بینفیشل اونر مریم نواز ہے اور کیلبری فونٹ میں جعلی ٹرسٹ ڈیڈ بنائی گئی جو اس سال میں ایجاد نہیں ہوا تھا۔ فرخ حبیب نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر کہا کہ نیب کا پراسکیوٹر اپنا لگا کر این آر او ٹو حاصل کر لیا گیا ہے۔

پاکستان رجیم چینج کی قیمت ادا کررہا ہے،سب چوروں کی رہائی جاری ہے۔
تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا کہ ملک بھر کے چھوٹے چوروں اور اسٹریٹ کرمنلز کے لئے انعامی اسکیم آ گئی کہ جتنا بڑا ڈاکہ اسکے لئے اتنی بڑی کرسی ہے۔

(جاری ہے)

بابر اعوان کا کہنا تھا کہ محکمہ جیل خانہ جات شریف خاندان کی تعلیمات مجرموں کو پڑھائے تاکہ این آر او ٹو اور ہوائی جہاز انہیں دروازے پر ملے۔

یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کی 7 سال قید کی سزا کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔عدالت نے مریم نواز کو بری کر دیا۔کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ایک سال قید کی سزا کو بھی کالعدم قرار دے دیا گیا۔ عدالت نے مریم نواز اور کیپٹن (ر )صفدر کی سزا کے خلاف اپیلوں پر فیصلہ سنایا۔ عدالت نے مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی بریت کی اپیلیں منظور کرلیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔مریم نواز کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف درخواست پر سماعت جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔دورانِ سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے کہ آمدن سے زائد اثاثوں میں نواز شریف اور مریم نواز کا تعلق ثابت نہیں ہو رہا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات