ٹی ٹونٹی فتوحات میں زیادہ وکٹیں، شاداب خان نے شاہد آفریدی کا ریکارڈ برابر کر دیا

لیگ سپنر کی اس وقت 46 فتوحات میں 66 وکٹیں ہیں جبکہ آفریدی نے پاکستان کی 56 فتوحات میں 66 وکٹیں حاصل کی تھیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 29 ستمبر 2022 20:17

ٹی ٹونٹی فتوحات میں زیادہ وکٹیں، شاداب خان نے شاہد آفریدی کا ریکارڈ ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 29 ستمبر 2022ء ) تیسرے T20I میں 221 رنز دینے کے بعد پاکستان کی باؤلنگ یونٹ نے انگلینڈ کے خلاف 7 میچوں کی ٹی ٹونٹی سیریز کے چوتھے اور پانچویں میچ میں 167 اور 146 رنز کے چھوٹے ہدف کا کامیابی سے دفاع کیا۔ شاداب خان سری لنکا کے خلاف ایشیاء کپ کے فائنل میں انجری کا شکار ہونے کے بعد قومی ٹیم میں واپس آئے، انہوں نے بدھ کی رات لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں چار اوورز کے اسپیل میں 25 رنز دے کر 1 وکٹ حاصل کی۔

اس کے ساتھ ہی لیگ سپنر نے شاہد آفریدی کا پاکستان کے لیے ٹی ٹونٹی میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ برابر کر دیا۔ اس وقت ان کی 46 فتوحات میں 66 وکٹیں ہیں جب کہ آفریدی نے پاکستان کی 56 فتوحات میں 66 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ یہ بات قابل غور ہے کہ شاداب حال ہی میں ختم ہونے والے ایشیا کپ 2022ء میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے چوتھے بولر تھے، جہاں انہوں نے 5 میچوں میں 6.05 کے اکانومی ریٹ سے 4/8 کی بہترین کارکردگی کے ساتھ 8 وکٹیں حاصل کیں۔

(جاری ہے)

23 سالہ نائب کپتان 21.08 کی اوسط سے 66 اننگز میں 84 وکٹیں لے کر مختصر ترین فارمیٹ میں پاکستان کے چوتھے سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر بھی بن گئے۔ اگر وہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں مزید 4 وکٹیں لینے میں کامیاب ہو گئے تو سعید اجمل اور عمر گل کو پیچھے چھوڑ دیں گے۔ پاکستان کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے حال ہی میں کہا تھا کہ شاداب خان ٹی ٹونٹی کرکٹ میں اہم مراحل پر بولنگ کرتے ہیں اور اگر وہ گیند کے ساتھ اچھا کام کرتے ہیں تو پاکستان جیت جاتا ہے۔