آئندہ ایک ہفتہ میں ڈینگی کیسز میں کمی کا امکان ہے، ڈاکٹر ارشاد احمد

جمعہ 30 ستمبر 2022 22:09

آئندہ  ایک ہفتہ میں ڈینگی کیسز میں کمی کا امکان ہے، ڈاکٹر ارشاد احمد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2022ء) صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر اختر ملک کی ہدایت پر سیکرٹری صحت ڈاکٹر ارشاد احمد نے ڈینگی کے ہائی رسک علاقوں کا اچانک دورہ کیا۔ ڈپٹی سیکرٹری ورٹیکل پروگرامز حسان طارق اور سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فیصل بھی ہمراہ تھے۔سیکرٹری صحت یو سی91 میں واقع چوبرجی کواٹرز گئے اورڈینگی سرویلنس و مانیٹرنگ سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔

سیکرٹری صحت ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ لاہور میں علامہ اقبال ٹا ئون، کینٹ ایریا کے بعد سمن آباد ٹا ئون ڈینگی کا ہائی رسک ایریا ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ عوام کی صحت اور زندگیوں کے تحفظ کے لئے ڈینگی لاروا کی تلفی، فوگنگ سپرے اور چھتوں کی صفائی کروائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری کی ہدایت کے مطابق ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جارہا ہے اور مقدمات درج کروائے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈینگی کی آگہی کے لئے تعلیمی اداروں میں سیمینار کا انعقاد اور مارکیٹوں میں انسداد ڈینگی کے بینرز سمیت تاجروں کے ساتھ مل کر واکس کا انعقاد بھی کیا جارہاہے۔ڈاکٹر ارشاد احمد کا کہنا تھا کہ اگلے ایک ہفتہ میں ڈینگی کیسز میں کمی کا امکان ہے، ہائی رسک علاقوں میں ڈینگی سرگرمیوں میں غفلت پر متعلقہ سی ای او ذمہ دار ہوگا۔ڈاکٹر ارشاد احمد نے مختلف گھروں میں نصب شدہ روم کولرز میں پانی چیک کیا اور فوگرز مشینری کی چیکنگ کے لئے فوگنگ سپرے کا بھی معائنہ کیا۔انہوں نے چوبرجی کوارٹرز میں مختلف پارکوں کا بھی معائنہ کیا اور ڈینگی لاروا بھی دیکھا۔ انہوں نے ڈینگی کی سرویلنس ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا۔