فیصل آباد میں نجی ٹی وی نیوز چینل کے بیوروچیف پر تشدد کے واقعہ میں ملوث 6 ملزم گرفتار کرلئے گئے

ہفتہ 1 اکتوبر 2022 22:11

فیصل آباد میں نجی ٹی وی نیوز چینل کے بیوروچیف پر تشدد کے واقعہ میں ملوث ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اکتوبر2022ء) ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد معین مسعود اور سٹی پولیس آفیسر فیصل آباد عمر سعید ملک نے انکشاف کیا ہے کہ فیصل آباد میں نجی ٹی وی نیوز چینل(سیون نیوز) کے بیوروچیف منور اقبال پر تشدد کے واقعہ میں ملوث 6 ملزم گرفتار کرلئے گئے جن سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔وہ ہفتہ لو پولیس لائن کمپلیکس میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

اس موقع پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن کیپٹن (ر) محمد اجمل، ایس پی مدینہ ڈویژن محمد نبیل اور دیگرپولیس افسران بھی موجودتھے۔انہوں نے بتایا کہ پولیس تھانہ پیپلز کالونی کے علاقہ میں 25 ستمبر کو نجی ٹی وی نیوز چینل (سیون نیوز) کے بیوروچیف منور اقبال کی گاڑی پر نامعلوم ملزمان کی جانب سے فائرنگ اور تشدد کرنے کا معاملہ سامنے آیا جس پر پولیس نے تھانہ پیپلز کالونی میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ نمبر 22/1184 مورخہ 25.09.22بجرم 324/382/440/148/149 ت پ درج کیااوربعدازاں ایف آئی آر میں جرم 395 ت پ ایزاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ سی پی او فیصل آبادعمر سعید ملک کی ہدایت پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن کیپٹن (ر) محمد اجمل کی سربراہی میں پانچ رکنی سپیشل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی گئی۔جس نے قلیل وقت میں نجی ٹی وی نیوز چینل(سیون نیوز) کے بیورو چیف منور اقبال پر تشدد کیس میں جدید ٹیکنیکل وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے واقعہ میں ملوث 6 ملزمان کوٹریس کر کے گرفتار کر لیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث پولیس افسر کے خلاف بھی محکمانہ اور قانونی کاروائی عمل میں لائی جا ئے گی۔سی پی اوفیصل آباد نے بتایا کہ اللہ پاک ہم پر بڑا مہربان ہے جس کی بدولت حالات کو ہر حال میں کنٹرول کیا جارہا ہے تاہم میڈیا اور پولیس ایک ٹیم ہیں جنہیں جرائم کی روک تھام کیلئے مل کر لڑنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پولیس ہویاعوام انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے اور تفتیش کے عمل میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شرپسندعناصر پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے اور کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جا ئے گی کیونکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ آرپی او فیصل آباد ڈاکٹر معین مسعود نے کہا کہ وہ اس بڑی کامیابی پر اللہ پاک کا شکر ادا کر تے اور یقین دلاتے ہیں کہ انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے اور کسی کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی نہیں ہو نے دی جا ئے گی۔انہوں نے کہا کہ میڈیا نے ان کا امیج بلند کیا ہے جس کیلئے وہ ان کے مشکور ہیں۔