Live Updates

این اے 157 میں عمران خان کی بیانیہ پر خواتین متفق ہیں، مہر بانو قریشی

حکومت جتنی مرضی انتقامی کارروائیاں کرلے،عمران خان کو عوام سے دور نہیں کیا جاسکتا، خطاب

اتوار 2 اکتوبر 2022 18:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2022ء) این اے 157 سے تحریک انصاف کی امیدوار محترمہ مہر بانو قریشی نے کہاہے کہ این اے 157 میں عمران خان کی بیانیہ پر خواتین متفق ہیں اور حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کی شدید مذمت کر رہی ہیں، گزشتہ روز عمران خان کے جاری ہونے والے وارنٹ گرفتاری کے خلاف خواتین میں شدید رد عمل پایا جاتا ہے، حکومت جتنے مرضی اوچھے ہتھکنڈے آزما لے،جتنی مرضی انتقامی کارروائیاں کرلے،عمران خان کو عوام سے دور نہیں کیا جاسکتا،حکومت کی انتقامی کارروائیوں نے آمرانہ دور کی یاد تازہ کردی ہے اور ان کاررائیوں میں آمریت کوبھی پیچھے چھوڑ دیا ہے،عمران خان کی قیادت میں حقیقی آزادی کیلئے سرگرم عمل ہیں،فسطائی حکومت کے خلاف سیاسی میدان میں بھر پور مقابلہ کریں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 157 میں الیکشن مہم کے دوران 6T، یونین کونسل 2MR میں محمد عباس چاون کی جانب سے،دنیاپور روڈ، 19MR میں جاوید گجر کی جانب سے،یونین کونسل جھوک لشکرپور میں مہر ضفر ہانسلہ کی جانب سے منعقدہ خواتین کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحریک انصاف خواتین ونگ کی مرکزی نائب صدر و رکن قومی اسمبلی کنول شوذب سمیت پی ٹی آئی کی اراکین اسمبلی فرح آغا، ثانیہ کامران، صبرینہ جاوید، ڈاکٹر شاہینہ کھوسہ بھی موجود تھیں۔

انہوں نے کہا پوری قوم عمران خان کو پاکستان کا حقیقی لیڈر تسلیم کر چکی ہے۔ عمران خان واحد وزیراعظم ہیں جنہیں اقتدار سے ہٹنے کے بعد عوام میں بھر پور پذیرائی مل رہی ہیں۔ قوم جانتی ہے عمران خان نڈر دیانتدار حق اور سچ کے ساتھ کھڑے ہونے والے ہیں۔ اس لئے پاکستان کی عوام عمران خان کے ساتھ ہیں۔انشا اللہ جلد ہی پاکستان میں دوبارہ عوام کے حقیقی نمائندوں کی حکومت قائم ہوگی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی خواتین ونگ کی مرکزی صدر و رکن قومی اسمبلی کنول شوذب نے کہا پنجاب کی عوام نے 17جولائی کو بھی لوٹوں اور لٹیروں کو شکست دی۔ عمران خان کی اکیلی جماعت نے عوام کے ووٹوں کی طاقت سے 13جماعتوں پر مشتمل پی ڈ ی ایم اتحاد کو شکست دی۔ انشا اللہ16اکتوبرکو جہاں جہاں ضمنی انتخابات ہونگے وہاں کی عوام ایک بار پھر واضح اکثریت سے لوٹوں اور لٹیروں کو شکست دیں گے۔ این اے 157 سے بھی تحریک انصاف کی امیدوار مہر بانو قریشی واضح اکثریت سے کامیاب ہونگی۔ اور این اے 157 سے حکومت کو ایک بار پھر مسترد کرنے کا پیغام جائے گا۔ تقریب میں علاقے کی خواتین ووٹرز نے بھرپور شرکت کی اورضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی امیدوار کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا گیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات