سابق وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے مختلف قبائلی معتبرین کی ملاقات

پیر 3 اکتوبر 2022 18:01

سابق وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے مختلف قبائلی معتبرین ..
خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2022ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چیف آف جھالاوان سابق وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے جھالاوان ہاؤس کراچی میں زہری جھل کے قبائلی معتبرین وڈیرہ امیر عمر خدرانی یارمحمد خدرانی علی اکبر شاہ خدرانی رحمت اللہ چنال ولی جان محمد حسنی ودیگر نے ملاقات کی،اپنے قبیلہ کے سینکڑوں افراد کے ہمراہ چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری کی ولولہ انگیز قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے باقاعدہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ زہری کی دلیرانہ قیادت میں پارٹی کے پیغام کو عام کرنے کے لئے بھرپور انداز میں جدوجہد کریں گے دیگر سیاسی جماعتوں نے زہری جھل کے عوام کو پسماندگی اور غربت کے سوا کچھ نہیں دیا ہے نئے شامل ہونے والے معتبرین کو چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ زہری نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام اب بیدار ہو چکے ہیں انہیں حقیقی لیڈروں کی پہچان ہو چکی ہے ،بلوچستان کو پسماندگی کی طرف دھکیلنے والے اور ترقی کی طرف گامزن کرنے والوں مین تمیز کرچکے ہیں اس لئے اب عوام وفاقی پارٹیوں پر اعتماد کرکہ پاکستان پیپلز پارٹی مین جوق در جوق شامل ہو رہے ہیں ۔نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا کہ قبائلی معتبرین کی شمولیت بہترین مستقبل کی نوید سنائی دے رہی ہے پاکستان پیپلز پارٹی غریبوں ہاریوں مظلوم اور محکوم طبقات کی پارٹی ہے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جدوجہد کا مقصد غریب عوام کے حقوق کے لئے تھا۔

دریں اثناء قلات کے سیاسی گھرانے سے تعلق رکھنے والے شہید غلام نبی محمد حسنی کے فرزند میر حارث محمد حسنی کی جھالاوان ہاؤس کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چیف آف جھالاوان سابق وزیراعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری سے تفصیلی ملاقات کی اور بلوچستان نیشنل پارٹی مینگل سے اپنی سیاسی راہیں جدا کر کے نواب ثناء اللہ زہری کی مدبرانہ قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنی عزیز واقارب اور سیاسی دوستوں کے ہمراہ باقاعدہ پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا۔

چیف آف جھالاوان نواب ثناء اللہ خان زہری نے میر حارث محمد حسنی کو پاکستان پیپلز پارٹی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہا اس امید کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کی شمولیت سے پارٹی کی سیاسی قوت میں مزید اضافہ ہوگا ،پاکستان پیپلز پارٹی میں نوجوانون کی شمولیت ایک مثبت اور خوشگوار تبدیلی ہے اس موقع پر پرسنل سیکریٹری نواب زہری میر خان محمد زہری بھی موجود تھے۔