تیل و گیس کی پیداوار بڑھانے کیلئے نئے بلاکس نیلامی کیلئے پیش کئے جا رہے ہیں، وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹرمصدق ملک

منگل 4 اکتوبر 2022 21:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 اکتوبر2022ء) وزیر مملکت برائے پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ تیل و گیس کی پیداوار بڑھانے کے لئے نئے بلاکس نیلامی کے لئے پیش کئے جا رہے ہیں، پارکو میں 1.4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔ منگل کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر دنیش کمار، اعظم سواتی، ہمایوں مہمند اور سرفراز بگٹی کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انٹر سٹیٹ گیس کمپنی تاپی، نارتھ سائوتھ گیس پائپ لائن اور دیگر منصوبوں پر کام کرنے کی ذمہ دار ہے، تاپی اور ایران گیس پائپ لائن منصوبوں پر کام رکا ہوا ہے جس کی وجہ سے اخراجات بڑھ رہے ہیں، پاکستان کی کوشش ہے کہ تاپی منصوبے کے تحت 1.4 ارب مکعب فٹ سستی گیس حاصل کریں۔

انہوں نے کہا کہ او جی ڈی سی ایل، ماڑی پٹرولیم اور پی پی ایل کو مسابقتی بولی کے ذریعے نئے بلاکس دیئے جائیں گے، ان بلاکس کی نیلامی کا عمل شروع ہو چکا ہے، اس سے تینوں کمپنیوں کے منافع میں بھی اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک عرب ریفائنری (پارکو) میں 1.4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی اور متحدہ عرب امارات اور حکومت پاکستان اس میں سرمایہ کاری کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ جن علاقوں سے تیل و گیس کی پیداوار حاصل ہو رہی ہے، وہاں پر ترقی کے لئے سماجی ذمہ داری کے تحت بھی کمپنیاں فنڈز خرچ کرتی ہیں، ملک میں پٹرول کی ترسیل میں پی ایس او کا حصہ 45 سے 50 فیصد اور دیگر نجی کمپنیوں کا حصہ 50 سے 55 فیصد ہے جبکہ ڈیزل کی ترسیل میں پی ایس او کا حصہ 65 سے 70 فیصد ہے، کویت کی حکومت کے ساتھ طویل مدتی معاہدے کے تحت پی ایس او کو سستا ڈیزل فراہم کیا جاتا ہے۔