یورپی پارلیمنٹ کی تمام اسمارٹ فونز کیلئے سنگل چارجر کے استعمال کی منظوری

اقدام سے یورپی صارفین کو 25 کروڑ یورو کی بچت ہوگی، سنگل چارجر کی پابندی کا اطلاق2024 میں ہوگا، پہلی مرتبہ ایپل کمپنی کو بھی مجبوراً آئی فون ودیگر آلات کیلئے چارجنگ پورٹ تبدیل کرنا پڑے گا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 4 اکتوبر 2022 22:22

یورپی پارلیمنٹ کی تمام اسمارٹ فونز کیلئے سنگل چارجر کے استعمال کی منظوری
برسلز (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اکتوبر 2022ء) یورپی پارلیمنٹ نے تمام موبائل فونز کیلئے سنگل چارجر استعمال کرنے کی منظوری دے دی، یورپ میں 2024 تک تمام موبائل فونز، ٹیبلٹس اور کیمروں کیلئے سنگل چارجنگ پورٹ متعارف کرائےگا، پہلی مرتبہ ایپل کمپنی کو بھی مجبوراً آئی فون ودیگر آلات کیلئےچارجنگ پورٹ تبدیل کرنا پڑے گا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق یورپی یونین نے یورپ بھر میں اسمارٹ فون کے صارفین کی سہولت کیلئے سنگل چارجر متعارف کروانے کیلئے قواعدوضوابط کی منظوری دے دی ہے۔

 

جس کے تحت اب تمام اینڈرائیڈ اور آئی فونز موبائل کے لیے ایک چارجر استعمال کیا جائے گا، یورپی یونین کے حالیہ اجلاس میں قانون سازوں نے واضح اکثریت کے ساتھ ان اصلاحات کی حمایت کی، مذکورہ تجویز کے حق میں 602 اور مخالفت میں صرف 13 ووٹ آئے۔

(جاری ہے)

سنگل چارجر قانون کی منظوری کے اقدام پر یورپین کمیشن کا کہنا ہے کہ یورپ میں صارفین کو 25 کروڑ یورو کی بچت ہوگی۔

فی الوقت اسمارٹ فونز میں چارجنگ کیلئے مختلف اسٹینڈرڈ استعمال ہوتے ہیں جیسے اینڈرائیڈ فونز میں مائیکرو یو ایس بی یا یو ایس بی سی پورٹ جبکہ ایپل کے آئی فونز میں لائٹننگ کنکٹرز استعمال کیا جاتا ہے۔ اسی طرح یورپی یونین کے اس اقدام کا مقصد صارفین کو ترغیب دینا ہے کہ کوڑا کرکٹ بنانے کی بجائے نئی ڈیوائس خریدیں تو پرانا چارجر ہی استعمال کریں۔

یورپی یونین نے سنگل چارجر کی منظوری دینے کا فیصلہ گزشتہ کئی برسوں سے جاری آئی فون اور اینڈرائیڈ صارفین کی شکایات کے بعد زیر بحث آیا ہے۔ یورپی کمیشن نے اندازہ لگایا ہے کہ تمام موبائل فونز کیلئے سنگل چارجر کا استعمال صارفین کے لیے تقریباً 250 ملین یورو (247.3 ملین ڈالر) کی بچت کرے گا۔ 2019 میں کمیشن نے مطالعہ کیا جس سے پتا چلتا ہے کہ 2018 میں موبائل فون کے ساتھ فروخت ہونے والے نصف چارجرز میں یوایس بی مائیکرو-بی کنیکٹر تھا، جبکہ 29 فیصد میں یوایس بی۔ سی کنیکٹر اور 21 فیصد میں لائٹننگ کنیکٹر ہوتا تھا، جو کہ ایپل استعمال کرتا ہے۔