Live Updates

پوری جماعت کی خواہش ہے کہ آئندہ وزیراعظم نوازشریف ہوں گے

نوازشریف کی تاحیات نااہلی دنیا کے کسی پیمانے پر پوری نہیں اترتی، نوازشریف عوام کو ریلیف دینے کیلئے بےچین رہتے ہیں، نوازشریف کے دور میں جی ڈی پی 6.3 فیصد اور مہنگائی 2 فیصد تھی۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 4 اکتوبر 2022 23:58

پوری جماعت کی خواہش ہے کہ آئندہ وزیراعظم نوازشریف ہوں گے
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 اکتوبر 2022ء) وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پوری جماعت کی خواہش ہے کہ آئندہ وزیراعظم نوازشریف ہوں گے، نوازشریف کی تاحیات نااہلی دنیا کے کسی پیمانے پر پوری نہیں اترتی،نوازشریف عوام کو ریلیف دینے کیلئے بے چین رہتے ہیں، نوازشریف کے دور میں جی ڈی پی 6.3 فیصد اور مہنگائی 2 فیصد تھی۔انہوں نے دنیا نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 1993میں عمران خان کو مسلم لیگ جوائن کرنے کی دعوت دی تھی ،وہ شوکت خانم کیلئے فنڈز لینے آئے تھے، اس وقت میٹنگ میں بڑے صنعتکار موجود تھے، عمران خان نے کہا کہ میری توبہ میں سیاست میں آؤ، بے نظیر کے خلاف بھی بڑی باتیں کیں۔

اس زمانے میں اچھا تعلق تھا، میرے چیمبر میں بھی آتے تھے۔عمران خان نے انگلینڈ لینڈ ریونیو کو نہیں چھوڑا وہاں کہا کہ یہ فلیٹ میری بہنوں کا ہے، میں نے کل پیغام دیا ہے کہ آپ صادق اور امین نہیں ہیں، میں آپ کے بارے سب جانتا ہوں۔

(جاری ہے)

میرے خلاف کیس یہ ہے کہ میں نے 20سال پاکستان میں ٹیکس ریٹرن نہیں دی، اس دوران میں ایم این اے بھی رہا، پارلیمانی لیڈر، وزیرمملکت سرمایہ کاری ، وفاقی وزیرکامرس اور وفاقی وزیر خزانہ بھی رہا، یہ اتنا بڑا جھوٹ ہے کہ میں نے زندگی میں کبھی اپنی ریٹرن مقررہ تاریخ سے کبھی تاخیر نہیں کی۔

جیسے نوازشریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نااہل کیا گیا اسی طرح اسحاق ڈار کو کیا جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ 75سال کے قرضے 25ہزار اور پونے چار سال کے قرضے 18ہزار ارب لیے گئے۔اس حساب سے اگر ہمیں چور کہتے ہیں تو پھر یہ تو ڈاکو ہوئے ۔ان کی سیاست میں ملکی مفاد ترجیح نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی کیلئے آئین قانون میں نہیں ہے کہ اپوزیشن کے ساتھ مشاورت کی جائے۔

جن چیزوں میں مشاورت بنتی ہے وہ کرتے ہیں۔ عمران خان ایک فاشسٹ انسان ہے یہ سمجھتا ہے جو میں کہوں وہی حرف آخر ہو۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ نوازشریف کی تاحیات نااہلی دنیا کے کسی پیمانے پر پوری نہیں اترتی، جہانگیرترین بھی تاحیات نااہل ہیں، میں یقین دلاتا ہوں کہ ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ پوری جماعت کی خواہش ہے کہ اگلے الیکشن میں وزیراعظم نوازشریف ہوں گے۔

وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ رئیل ایکسچینج ریٹ کا حساب لگایا وہ نمبر 200سے نیچے ہے، ڈالر مارکیٹ بیسڈ تھا اور 1999سے مارکیٹ بیسڈ ہے، آئی ایم ایف معاہدے کی کوئی خلاف ورزی نہیں ہے۔ ہماری پچھلی رجیم جس پر مفتاح عمل کررہے تھے، اس حساب سے پچھلے مہینے اور آنے والے مہینے میں 5، 5روپے پیٹرول اور ڈیزل پر لیوی لگنے والی تھی،لیکن میں نے دیکھنا ہے کہ عوام کو ریلیف کیسے دینا ہے، آئی ایم ایف کوئی آسمان سے اتری چیز نہیں 25سال سے ڈیل کررہا ہوں، اگر لیوی کو دیکھتے تو 7، 7روپے پیٹرول ڈیزل کی قیمت کم ہونا تھی ، ہم نے ریونیو کلیکشن کسی اور مد میں کرلی ہے، وہ آئی ایم ایف سے ڈیل کریں گے، مفتاح اسماعیل سمیت کسی کو فکرکرنے کی ضرورت نہیں، ہم نے آئندہ بھی عوام کو ریلیف دینا ہے۔

ڈالر کو 200روپے سے نیچے لے کر آئیں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات