آشیانہ اقبال ریفرنس ، وزیراعظم شہبازشریف کی عدالت میں مستقل حاضری معافی کی درخواست کا تحریری حکم نامہ جاری

بدھ 5 اکتوبر 2022 16:00

آشیانہ اقبال ریفرنس ، وزیراعظم  شہبازشریف کی عدالت  میں مستقل حاضری ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2022ء) لاہور کی احتساب عدالت نے وزیراعظم محمدشہبازشریف کی آشیانہ اقبال ریفرنس میں مستقل حاضری معافی کی درخواست کا تحریری حکم جاری کر دیا۔تحریری حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ اس بات میں کوئی شک نہیں بطور وزیراعظم شہباز شریف کو آئینی اور سرکاری ذمہ داریاں نبھانی ہیں اور یہ بھی حقیقت ہے کہ وہ 2021 سے مسلسل عدالت میں پیش ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

احتساب عدالت کے جج ساجد اعوان نے گزشتہ سماعت کا دو صفحات پر مشتمل تحریری حکم بدھ کے روز جاری کیا ۔ احتساب عدالت نے تحریری حکم میں قرار دیا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی عدم پیشی سے ٹرائل متاثر نہیں ہوگا کیونکہ انہوں نے اپنی جگہ عدالت پیشی کیلئے نمائندہ مقرر کردیا ہے۔تحریری حکم کے مطابق محمد انور حسین ایڈووکیٹ وزیراعظم کے نمائندے کے طور پر ہر سماعت پر عدالت میں پیش ہونگے ۔تحریری حکم میں عدالت نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کی جاتی ہے۔