عرب دنیا اور غزہ کی طرف منشیات سمگل کرنے والوں کو کچل دیں گے

منشیات کے سمگلر اور ڈیلرز ہمیشہ نئے نئے طریقے اختیار کرتے ہیں تاکہ پکڑے جانے سے بچ جائیں،پولیس حکام

بدھ 5 اکتوبر 2022 16:46

عرب دنیا اور غزہ کی طرف منشیات سمگل کرنے والوں کو کچل دیں گے
مقبوضہ غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2022ء) فلسطینی پولیس نے عرب علاقوں کو ٹارگٹ کرتے ہوئے بین الاقوامی منشیات سمگلنگ کی منظم کوششیں کرنے والوں کو خبردار کیا ہے کہ انہیں سختی سے کچلا جائے گا ، خصوصا غزہ میں منشیات منتقل کرنیوالوں کو ہر قیمت پر روکیں گے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مختلف واقعات کی روشنی میں کی جانے والی تحقیقات ، اعترافات اور طریقہ ہائے واردات کے بعد ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ منشیات کے ایک منظم سیلاب کا رخ عرب دنیا کی طرف موڑ دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس سازش کے مرتکب افراد غزہ کو بھی نشانہ بنانا چاہتے ہیں تاکہ نئی نسل کو تباہ کیا جاسکے۔ پولیس ترجمان ایمن الباتنیجی نے کہا یہ بین الاقوامی منشیات فروش اور سمگلرز مقامی ڈیلوں کے ساتھ رابطے کر رہے ہیں اور انہیں پیش کش کر رہے ہیں کہ مختلف قسموں کی منشیات موخر ادائیگیوں پر بھی لے سکتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ منشیات کے سمگلر اور ڈیلرز ہمیشہ نئے نئے طریقے اختیار کرتے ہیں تاکہ پکڑے جانے سے بچ جائیں مگر انہیں ہر صورت پکڑا جائے گا اور ان کی ہر کوشش ناکام بنائی جائے گی۔