فیصل آباد پولیس، ستمبر میں درجنوں ملزمان گرفتار ، کروڑوں روپے کا سامان برآمد

بدھ 5 اکتوبر 2022 15:53

فیصل آباد پولیس،      ستمبر میں درجنوں ملزمان گرفتار ،  کروڑوں روپے  کا ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2022ء) فیصل آباد پولیس نے ستمبر میں کروڑوں کا سامان برآمدکرکے درجنوں ملزمان کو گرفتارکرلیا۔سٹی پولیس فیصل آباد کے ترجمان نوید احمد نے بتایا کہ ایس پی لائلپور ڈویژن کی سربراہی میں فیصل آباد پولیس نے تھانہ ریل بازار،کوتوالی،جھنگ بازار،گلبرگ، رضاآباداور غلام محمدآبادکے 68مقدمات میں 45موٹر سائیکلز،3رکشے،34 تولہ طلائی زیورات،51بیٹریاں،22 ہزار ریال نقدی اور 16 لاکھ 68 ہزار 500 روپے مالیت کے موبائل فونز برآمد کر کے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔

اسی طرح ایس پی اقبال ڈویژن کی سر براہی میں پولیس ٹیم نے تھانہ بٹالہ کالونی، ڈی ٹائپ،فیکٹری ایریا، سمن آباد، ڈجکوٹ، روشن والا، صدر، ٹھیکریوالہ، ساندل بار کے 84 مقدمات میں 45 موٹر سائیکلز،8موبائل فون،ایک رکشہ،2وینز،نقدی اور67لاکھ 90 ہزار 300 روپے مالیت کے مال مویشی برآمد کر کے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد میں جرائم کا قلع قمع کرنے کیلئے سی پی او فیصل آباد عمر سعید ملک کی ہدایت پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی زیر صدارت ٹاؤن و سرکل افسران کی میٹنگ میں جرائم پیشہ عناصرکی سر کوبی کیلئے لائحہ عمل ترتیب دیا گیا جس پر عمل کر تے ہوئے فیصل آبادپولیس نے ایس پی اقبال ڈویژن اور ایس پی لائلپور ڈویژن کی سربراہی میں مختلف ٹیمیں تشکیل دے کر کام شروع کر دیا ۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس نے روایتی طریقہ کار کے ساتھ ساتھ جدید ٹیکنالوجی سے بھی استفادہ کیا ۔انہوں نے بتایا کہ پولیس نے تھانہ روشن والہ اور ٹھیکریوالہ کے اندھے قتل کے مقدمات بھی ٹریس کرکے ملزمان کو گرفتار کر لیاہے۔