صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی مہم کے حوالے سے سوشل میڈیا کی بااثر شخصیات کی ملاقات

جمعہ 7 اکتوبر 2022 17:50

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی  سے چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی مہم کے حوالے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 اکتوبر2022ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہوگی ، سوشل میڈیا کی بااثر شخصیات کینسر کی بروقت تشخیص کیلئے باقاعدگی سے جسمانی معائنہ کرنے کی اہمیت کو اجاگر کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی مہم کے حوالے سے سوشل میڈیا کی بااثر شخصیات سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا آگاہی پیدا کرکے بریسٹ کینسر کی وجہ سے شرح ِاموات کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے، چھاتی کے کینسر کی ابتدائی مرحلے میں تشخیص سے 99 فیصد مریضوں کو بچایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چھاتی کے کینسر کے واقعات دوسرے خطوں کے مقابلے میں جنوبی ایشیا میں سب سے زیادہ ہیں ، پاکستان میں چھاتی کے کینسر کے تمام مریضوں کو کلینیکل سکریننگ کی سہولیات فراہم کرنے کے وسائل نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواتین باقاعدگی سے اپنا جسمانی معائنہ کریں ، سینے یا اس کے اطراف میں گلٹی کی صورت میں فوراً ڈاکٹر سے رجوع کریں ۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ صحت مند طرز زندگی اپنا کر بریسٹ کینسر کے واقعات کو کم کیا جا سکتا ہے، بریسٹ کینسر سے بچنے کیلئے سبزیوں اور پھلوں سمیت متوازن غذا کا استعمال کرنا چاہئے ، سگریٹ یا شراب نوشی اور دیگر منشیات سے پرہیز کریں ، باقاعدگی سے ورزش کریں ۔

صدر مملکت نے کہا کہ خواتین کو مالی اور اقتصادی لحاظ سے بااختیار بنانے ، معاشرے اور عوامی مقامات کو محفوظ بنانے کی ضرورت ہے ، ہراسگی سے پاک ماحول خواتین کو ملکی سماجی اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے میں مدد دے گا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کی بااثر شخصیات چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی پھیلانے کے لئے تخلیقی ذرائع استعمال کریں ، اسلامی تعلیمات کے مطابق خواتین اپنے بچوں کو کم از کم دو سال تک دودھ پلائیں ، عالمی ادارہ صحت کے مطابق ابتدائی 6ماہ کے دوران بچوں کو پانی یا دیگر خوراک تک نہیں دینی چاہئے ۔

انہوں نے کہا کہ ذہنی و جسمانی کمزوری سے بچاؤ کیلئے پہلے ہزار دنوں کے دوران ماں اور بچوں کیلئے مناسب غذائیت ضروری ہے ، پاکستان میں بچوں میں ذہنی و جسمانی کمزوری کا تناسب تقریباً 40 فیصد ہے ۔ صدر مملکت نے کہا کہ سوشل میڈیا بیگم ثمینہ علوی کی چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کی کوششوں کا ساتھ دے ، بیگم ثمینہ علوی کی کوششوں سے ابتدائی مراحل میں چھاتی کے کینسر کے کیسز کی رپورٹنگ کی شرح میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے، جلد تشخیص سے صحت عامہ کے نظام پر بوجھ کم ہوگا، مہنگے علاج سے بچنے میں مدد ملے گی۔

صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ بیگم ثمینہ عارف علوی نے بھی سوشل میڈیا کی بااثر شخصیات سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چھاتی کے کینسر کے واقعات پر قابو پانے اور کم کرنے کا واحد طریقہ جلد تشخیص ہے، چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی مہم میں شراکت دار بننے کے لئے وزیر اعظم، ایم این ایز، ایم پی اے، میڈیا اور ملک بھر کے تمام چیمبرز آف کامرس کو خطوط بھیجے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے ایک جامع اور مربوط لائحہ عمل تیار کیا گیا ہے۔