ملک میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر 29.4 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی

ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.29 فیصد اضافہ ہوا، حالیہ ہفتے میں چینی، گوشت، ٹماٹر پیاز، سبزی سمیت 17اشیاء مزید مہنگی ہوگئیں۔ ادارہ شماریات کی رپورٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 7 اکتوبر 2022 18:57

ملک میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر 29.4 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 اکتوبر 2022ء) ملک میں مہنگائی کی شرح بڑھ کر 29.4 فیصد کی سطح پر پہنچ گئی، ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.29 فیصد اضافہ ہوا، حالیہ ہفتے میں چینی، گوشت، ٹماٹر پیاز، سبزی سمیت 17اشیاء مزید مہنگی ہوگئیں۔ وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار بنیاد پر مہنگائی رپورٹ جاری کردی ہے، رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایک ہفتے میں مہنگائی میں 0.29 فیصد اضافہ ہوا، جس کے ساتھ ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح بڑھ کر 29.4 فیصد ہوگئی ہے۔

ایک ہفتے میں 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، 14 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 20 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا۔ حالیہ ہفتے میں ٹماٹر کی فی کلوقیمت 48 روپے 45 پیسے، پیاز 12 روپے 69 پیسے فی کلو مہنگا ہوا ہے، چینی فی کلو57 پیسے اضافے کے بعد 87.68 روپے فی کلو ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح انڈے فی درجن ایک روپے 38 پیسے اور آلو کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 47 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

دوسری جانب انٹربینک میں ڈالر ایک روپے 94 پیسے سستا ہونے کے بعد 220 روپے کا ہو گیا ہے، آج صبح کاروبار کے آغاز میں انٹربینک میں امریکی ڈالر میں ایک روپے 94 پیسے کی کمی ہوئی ہے جس کے بعد ڈالر 220 کا ہو گیا۔انٹربینک میں ڈالر 22 ستمبر سے اب تک 19 روپے 71 پیسے سستا ہوا ہے۔جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 1 روپے سستا ہونے کے بعد 222 روپے 50 پیسے کا ہو گیا۔

گزشتہ روز بھی انٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر مزید 2 روپے سستا ہو ا تھا جب کہ اوپن کرنسی میں ڈالر کی قدر میں 3.50 روپے کی کمی واقع ہوئی۔فاریکس رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز مارکیٹ میں امریکی ڈالر کے مقابلے پاکستانی ورپیہ مزید تگڑا ہو گیا۔ انٹر بینک میں ڈالر کی قدر223.94 روپے سے گھٹ کر 221.94 روپے کی سطح پر آگئی جب کہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت فروخت 226.50 روپے سے گر کر223 روپے پر آ گئی۔

فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں 4 روپے کی کمی واقع ہوئی جس سے یوروکی قیمت فروخت 224.20 روپے سے گھٹ کر220.24 روپے ہو گئی ،5.60 روپے کی کمی سے برطانوی پاؤنڈ کی قیمت فروخت 258.60 روپے سے گر کر253 روپے پر آ گئی۔ مزید برآں زرمبادلہ کے ذخائر 13.5888 ارب ڈالرہوگئے۔ اسٹیٹ بینک کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق 30 ستمبر کوختم ہونے والے ہفتہ میں اسٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 7.8998ارب ڈالر اور کمرشل بینکوں کے پاس 5.689 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔