آئی جی سندھ نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مقدمات میں ملوث تمام مفرور ملزمان کی فوری گرفتار کرنے کا حکم جاری کردیا

جمعہ 7 اکتوبر 2022 21:57

آئی جی سندھ نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مقدمات میں ملوث تمام مفرور ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2022ء) وزیراعلی سندھ کے معاونِ خصوصی سریندر ولاسائی سے ملاقات کے بعد سندھ پولیس کے انسپیکٹر جنرل غلام نبی میمن نے خواتین، بچوں اور خواجہ سراں کے ساتھ زیادتی، اجتماعی عصمت دری، دست درازی سمیت انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے مقدمات میں ملوث تمام مفرور ملزمان کی فوری گرفتار کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔

آئی جی سندھ پولیس نے اپنے دفتر میں وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے انسانی حقوق سریندر ولاسائی سے ہونے والی ملاقات کے بعد صوبے بھر کے تمام ڈی آئی جیز اور ایس ایس پیز کو تحریری طور پر مذکورہ بالا ہدایات جاری کیں ہیں۔ میٹنگ کے دوران سریندر ولاسائی نے مختلف اضلاع میں خواتین، بچوں اور خواجہ سراں کے ساتھ اجتماعی عصمت دری، زیادتی اور ناانصافیوں کے واقعات میں ملوث مجرموں کی عدم گرفتاری کا معاملہ اٹھایا، جس سے متاثرین اور ان کے اہلخانہ کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی بھی مایوسی اور عدم تحفظ کا شکار ہوجاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زور دیا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف درج ایف آئی آرز میں نامزد اور مفرور مجرموں کو گرفتار کیا جائے اور ان کے خلاف بلا تاخیر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو پولیس افسران انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شکایات کو نظر انداز کرنے کے مرتکب ہوتے ہیں، انہیں عہدوں سے ہٹایا جائے اور سزا دی جائے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پولیس افسران کی اے سی آرز میں انسانی حقوق کے حوالے سے ایک نیا معیار متعارف کیا جاسکتا ہے،تاکہ پولیس افسران میں اس معاملے کو زیادہ اہمیت دینے کی ترغیب دی جا سکے۔

سریندر ولاسائی نے کہاکہ پولیس افسران کی ترقیوں اور تقرریوں کے معاملات میں بھی انسانی حقوق کے متعلق ان کے سابقہ رکارڈ کو ملحوض خاطر رکھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ انسانی حقوق کو اولین ترجیحات میں شامل رکھا ہے اور اپنی قیادت میں ہر کسی کو ذات، رنگ، نسل، مذہب اور صنف وغیرہ کی تفریق کے بغیر انسانی حقوق کے فروغ اور تحفظ کے لیے کام کرنے کی تلقین کی ہے۔

انہوں نے انسانی حقوق سے منسلک بیشتر مقدمات میں فوری کارروائی کرنے پر سندھ پولیس کو بھی سراہا، کہ انہوں نے بغیر وقت ضائع کیے مجرموں کو پکڑ کر عدالتوں میں پیش کیا۔ سریندر ولاسائی نے آئی جی پولیس کو 11 اکتوبر کو محکمہِ انسانی حقوق سندھ کے زیر اہتمام ایک سیمینار، Bridging Barriers & Ensuring Access to Justice: A dialogue for Provincial Human Rights Vigilance Committee" میں شرکت کے لیے مدعو بھی کیا۔

دریں اثنا، آئی جی سندھ پولیس غلام نبی میمن نے ملاقات کے دوران کہا کہ محکمہ پولیس حکومتِ سندھ کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد کے لیے عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی پاسداری ہر ترقی پسند معاشرے کا ذمیداری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پولیس کمانڈ سسٹم یہ یقینی بنائے گا کہ آئین اور قوانین میں درج ہر فرد کے حقوق کا تحفظ ہو۔