Live Updates

عمران خان کے بیانیہ کو عوام نے تسلیم کرلیا ہے،شاہ محمود قریشی

ان 5 ماہ میں عمران خان کے ساتھ مختلف اضلاع میں گیا اور 53جلسے کئے، لوگوں کا جھکائو تحریک انصاف کی جانب ہے، حکومتی اتحاد چاہ کر بھی عمران خان کو عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکتا،عوام کا رد عمل بتا رہا ہے اگلے الیکشن میں اگلی واری فر عمران خان خان کی ہے، این اے 157 کا ضمنی الیکشن معمول کا الیکشن نہیں، موجود الیکشن ماضی کے الیکشن سے مختلف ہے، موجودہ الیکشن سے پیغام جانا ہے کہ قوم جاگ گئی ہے،سابق وزیر خارجہ

جمعہ 7 اکتوبر 2022 23:48

عمران خان کے بیانیہ کو عوام نے تسلیم کرلیا ہے،شاہ محمود قریشی
ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عمران خان کے بیانیہ کو عوام نے تسلیم کرلیا ہے،ان 5 ماہ میں عمران خان کے ساتھ مختلف اضلاع میں گیا اور 53جلسے کئے، لوگوں کا جھکائو تحریک انصاف کی جانب ہے، حکومتی اتحاد چاہ کر بھی عمران خان کو عوام کے دلوں سے نہیں نکال سکتا،عوام کا رد عمل بتا رہا ہے اگلے الیکشن میں اگلی واری فر عمران خان خان کی ہے، این اے 157 کا ضمنی الیکشن معمول کا الیکشن نہیں، موجود الیکشن ماضی کے الیکشن سے مختلف ہے، موجودہ الیکشن سے پیغام جانا ہے کہ قوم جاگ گئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سابق جج حافظ اللہ دتہ کاشف بوسن کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے صبحانہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں میزبان حافظ اللہ دتہ کاشف بوسن حاجی قاسم بوسن ارشد قندرانیخالد جاوید وڑائچاعجاز حسین جنجوعہملک عمرلیاقت حسین میتلازبیر بوسنعاشق بوسن ملک الطاف ودیگر شخصیات شریک تھیں۔ انہوں نے کہا کہ این اے 157 میں مسلم لیگ ن نے اپنا امیدوار میدان میں نہیں اتارا،ن لیگ این اے 157 میں پیپلز پارٹی کی حمایت کر رہی ہے،این اے 157 کی اس سیٹ پرپی پی کے ساتھ( ن) لیگ نے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیا ہوا ہے، 40سال ایک دوسرے کی مخالفت کرنے والے سیاستدان آج اکھٹے ہوچکے ہیں،دونوں جماعتیں ملکر بھی تحریک انصاف کو شکست نہیں دے سکتیں،تحریک انصاف آج پی ڈی ایم کی نفسیات پر حاوی ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یونین کونسل سے آغاز سیاست کیا تھا وزارت عظمی تک کا الیکشن لڑ چکا ہوں،اب عہدوں کی خواہش نہیں۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کی قیادت میں ایک نیک مقصد کے حصول کیلئے جدوجہد کررہا ہوں۔ انہوں نے کہا تحریک انصاف گراس روٹ لیول سے ابھری۔تحریک انصاف دوسری جماعتوں کی نسبت نئی جماعت ہے،ملک میں دو جماعتوں کا طوطی بولتا تھا۔ دو پارٹی نظام کو توڑنا بہت مشکل ہے۔

انہوںنے کہاکہ عمران خان نے دو پارٹی نظام کو توڑا،عمران خان نے محنت کرکے ثابت کردیا،نیت صاف ہو تو منزلیں آسان ہو جاتی ہیں۔انہوںنے کہاکہ 26سال کی طویل جدوجہد اور بہت اندھیرا دیکھنے کے بعد عمران خان نے بامقصد سیاسی کامیابی حاصل کی،عمران خان کو شہرت نہیں چاہیے وہ پہلے بھی نیشنل ہیرو تھا،عمران خان نے کہا کہ وہ اب سیاست نہیں حقیقی آزادی کے لئے جہاد کریں گے،عمران خان پاکستان میں حقیقی آزادی چاہتے ہیں،عنقریب حقیقی آزادی مارچ کا اعلان کریں گے۔

انہوںنے کہاکہ حقیقی آزادی مارچ سے پہلے اپنے مقاصد بارے مختصر پمفلٹ جاری کریں گے۔انہوں نے کہا ہماری حکومت دو سال کرونا کی نظر ہوئی تھی،ہم نے کرونا کے دورا ن دو سال سخت دیکھے، ایک طرف قوم کو کرونا سے بچانا تھا دوسری جانب ملکی معیشت کا پہیہ بھی چلانا تھا۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان کی سمارٹ لاک ڈائون پالیسی کی بدولت ہم نے قوم کو بھی بچایا اور معیشت کا پہیہ چلتا رہا۔

انہوںنے کہاکہ امپورٹڈ حکمرانوں کے 5ماہ میں مہنگائی کا لیول خطرناک حالت تک پہنچ چکا ہے،ہمارے دور حکومت میں مہنگائی کے حوالے سے عالمی اداروں کے انڈکس مثبت تھے۔ جو ان 5ماہ میں منفی ہو گئے ہیں، یہ کس کی نا اہلی سے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا نوجوان نسل ملک کاسرمایہ ہے۔نوجوان نسل کی سوچ میں تبدیلی آ چکی ہے،دیہاتی بچوں میں بھی شعور آ چکا ہے،آجکل بچے خود سیاسی فیصلہ کرتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ آج کے نوجوانوں نے تحریک انصاف اور عمران خان کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے کیونکہ انہیں یقین ہے عمران خان ہی ہیں جن کے ہاتھوں نوجوانوں کا مستقبل محفوظ ہے،پاکستان کے نوجوان ایک محفوظ اور بہتر مستقبل کیلئے عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این اے 157 میں ووٹرز کی نصف تعداد خواتین کی ہے اور میری صاحبزادی مہر بانو قریشی خواتین ووٹرز کی بھر پور نمائندگی کررہی ہیں،وہ جس یونین کونسل میں جاتی ہیں خواتین کی بھر پور پذیرائی ملتی ہے، منتخب ہونے کے بعد خواتین کے حقوق کیلئے کام کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ این اے 157 کی خواتین تک سیاسی رسائی کیلئے اپنی بیٹی کو الیکشن میں لایا گیا اور انشا اللہ خواتین کی بھر پور حمایت سے مہر بانو قریشی کو بھر پور کامیابی ملے گی۔ انہوں نے کہا این اے 157کی عوام نے فیصلہ کرلیا ہے کہ یہاں سے 16اکتوبر کو امپورٹڈ حکمرانوں کو مسترد کرنے کا پیغام بھیجنا ہے۔ انہوں نے کہا آنے والا الیکشن 1970 کے الیکشن کی طرح چلنے والی تلوار کی طرح ہوگا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات