Live Updates

ہم نے ہارس ٹریڈنگ کی تو 5 لوگ گئے کہاں؟

یہ سب بکواس باتیں ہیں، 5 ایم این ایز خریدے ہوتے تو چور ڈاکو جیل میں ہوتے، عمران خان کی مبینہ آڈیو لیک پر تحریک انصاف کا ردعمل

muhammad ali محمد علی جمعہ 7 اکتوبر 2022 21:15

ہم نے ہارس ٹریڈنگ کی تو 5 لوگ گئے کہاں؟
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔07 اکتوبر 2022ء) اسد عمر نے سوال کیا ہے کہ ہم نے ہارس ٹریڈنگ کی تو 5 لوگ گئے کہاں؟ ۔ تفصیلات کے مطابق ہارس ٹریڈنگ سے متعلق عمران خان کی لیک ہونے والی مبینہ آڈیو پر  تحریک انصاف کے رہنماوں کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔ سابق وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ اگر ہارس ٹریڈنگ کی گئی تو پھر 5 لوگ گئے کہاں؟ یہ سب بکواس باتیں ہیں۔

جبکہ پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ اگر 5 ایم این ایز خریدے ہوتے تو چور ڈاکو جیل میں ہوتے۔ لیک ہونے والی مبینہ آڈیو پر فواد چوہدری نے بھی ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جعلی آڈیو لیکس چل رہی ہیں ان کی کوئی اہمیت نہیں ہے، جعلی آڈیو لیکس میں پانچ ارکان کیا پچاس کی بھی بات ہوتی تو کوئی مسئلہ نہیں، یہ سارا پروپیگنڈا اپنی موت آپ مرجائے گا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب جیو نیوز سے وابستہ سینئر صحافی اوراینکر شہزاد اقبال کی جانب سے ہارس ٹریڈنگ سے متعلق عمران خان کی لیک ہونے والی مبینہ آڈیو پر ردعمل دیا گیا ہے۔

شہزاد اقبال کے مطابق سائفر والی مبینہ آڈیو کے مقابلے میں یہ والی مبینہ آڈیو ایڈٹ شدہ لگتی ہے، آڈیو میں 2 جگہوں 21 سیکنڈ اور 39 سیکنڈ پر آواز تبدیلی ہوئی، ایسا لگتا ہے 2 یا 3 آڈیوز کو جوڑ کر ایک آڈیو بنائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ آڈیو لیکس کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔ چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی مبینہ گفتگو کی ایک اور آڈیو لیک ہو گئی۔عمران خان کو آڈیو لیکس میں کہتے سنا جا سکتا ہے کہ آپ کو یہ بڑی غلط فہمی ہو گئی ہے کہ اب نمبر گیم پوری ہو گئی ہے۔یہ نمبر گیم ایسا ہے نہیں،ایسا مت سمجھیں کہ سب ختم ہو گیا۔اب سے لے کر 48 گھنٹے کافی وقت ہے،اس میں بڑی چیزیں ہو رہی ہیں۔

میں اپنی طرف سے کئی چالیں چل رہا ہوں جو ہم پبلک نہیں کر سکتے۔پانچ تو میں خرید رہا ہوں، میں نے میسج دینا ہے ، وہ پانچ بڑے اہم ہیں۔اس کو کہیں 5 اور سیکیور کر دے تو 10 ہو جائیں گے، گیم ہمارے ہاتھ میں ہے۔اس وقت قوم الارم ہوئی ہے،لوگ چاہ رہے ہیں کسی طرح ہم جیت جائیں۔اس لیے کوئی فکر نہ کریں یہ غلط ہے یا صحیح۔کوئی بھی حربہ ہو۔ایک ایک بھی کوئی توڑ دیتا ہے تو اس سے بھی بہت فرق پڑے گا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات