پیپلزپارٹی آئندہ عام انتخابات میں بلوچستان اور وفاق میں حکومت سازی کرے گی، صدر پیپلزپارٹی بلوچستان کادعوی

منگل 11 اکتوبر 2022 21:21

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2022ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر میر چنگیز خان جمالی نے کہا ہے کہ سیلابی صورتحال ، معاشی بحران اور ملک کو درپیش دیگر مسائل کے حل کے لئے پیپلز پارٹی بیلنس فورس ہے ،انہوں نے دعوی کیا کہ آئندہ عام انتخابات میں بلوچستان اور وفاق میں پیپلز پارٹی حکومت سازی کرے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو ہزارہ ٹاؤن میں انجینئر محمد ہادی عسکری کی قیادت میں ہزارہ کمیونٹی کے سینکڑوں افراد کی پیپلز پارٹی میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا میر چنگیز خان جمالی نے پارٹی میں شامل ہونے والے افراد کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے خوش آمدید کہا اپنے خطاب میں پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر نے کہا کہ آغاز حقوق بلوچستان پیکیج ، اٹھارہویں ترمیم سمیت بلوچستان کے مالی استحکام اور یہاں کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرکے قومی دھارے میں شامل کرنا پیپلز پارٹی کے تاریخ ساز اور عظیم اقدامات ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے اپیل ہے کہ سیلاب متاثرین کی مدد و بحالی کے لئے عالمی اداروں اور وفاقی حکومت کے اقدامات کو بلوچستان کے تمام سیلاب متاثرہ علاقوں تک وسعت دی جائے میر چنگیز جمالی نے کہا کہ سندھ کے سیلاب زدہ علاقوں میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری کی مانیٹرنگ میں متاثرین کی امداد و بحالی کے لئے مؤثر انداز میں کام جاری ہے اور تمام اراکین قومی و صوبائی اسمبلی اپنے اپنے حلقوں میں امدادی و بحالی امور کی نگرانی کررہے ہیں۔