وزیرستان متاثرین کےلئے راشن کی مد میں فنڈزریلیز، ایک لاکھ سے زائد خاندانوں کی اب تک باعزت واپسی کا عمل مکمل ہو چکا ہے،پی ڈی ایم اے

منگل 11 اکتوبر 2022 23:16

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اکتوبر2022ء) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) خیبر پختونخوا نے شمالی وزیرستان کے متاثرین آپریشن ضرب عضب کیلئے ماہانہ نقد مالی امداد اور راشن کی مد میں 33 کروڑ روپے کے قریب فندز ریلیز کردیئے ۔

(جاری ہے)

مذکورہ متاثرین خاندانوں میں سات ہزار کے قریب وہ خاندان بھی ہیں جو حال ہی میں افغانستان سے براستہ غلام خان بارڈر واپس آچکے ہیں اور جن کی نادرا سے باقاعدہ تصدیق کا عمل مکمل ہو چکا ہے ہرتصدیق شدہ متاثرہ خاندان کو 12 ہزار روپے بطور نقد مالی امداد جبکہ آٹھ ہزار روپے راشن کی مد میں ہر ماہ باقاعدگی سے دیئے جا رہے ہیں تاکہ ان لوگوں کی مالی مشکلات کو کم سے کم کیا جا سکے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق شمالی وزیرستان کے 15 ہزار 891 متاثرین خاندان ایسے ہیں جن کی ابھی تک واپسی نہیں ہوئی ہے اور جن میں سے بیشتر کا تعلق شمالی وزیرستان کے تحصیل دتہ خیل سے ہے جبکہ ایک لاکھ سے زائد خاندانوں کی اب تک باعزت واپسی کا عمل مکمل ہو چکا ہے۔