پاکستان چائنا بزنس فورم کے وفد کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

ہفتہ 22 اکتوبر 2022 16:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2022ء) پاکستان چائنا بزنس فورم کے وفد نے چیئرمین شیخ ناصر علی کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ وفد نے پاکستان اور چین کے درمیان کاروباری شراکتیں اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال کیا۔

وفد نے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے مابین کاروباری روابط کو مضبوط کرنے، کاروبار سے متعلقہ معلومات کا تبادلہ کرنے اور ایک دوسرے کے ملک میں نمائشوں کے انعقاد کے لیے مشترکہ طور پر کام کرنے کا عزم کیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان چائنا بزنس فورم کے چیئرمین شیخ ناصر علی نے کہا کہ ان کا فورم چین اور پاکستان کی کمپنیوں کے درمیان کاروباری روابط کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہا ہے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون، جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کو بہتر فروغ دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فورم چین کی مزید کمپنیوں کو پاکستان کے خصوصی اقتصادی زونز میں جوائنٹ وینچرز و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے پاکستان نے کی کوشش کرے گا۔پاکستان چائنا بزنس فورم کے شریک چیئرمین شیخ اعجاز نے کہا کہا آئی سی سی آئی خطے میں ایک نئے صنعتی زون کے قیام کیلئے کوشاں ہے اور ا ن کا فورم ان کوششوں میں چیمبر کے ساتھ ہرممکن تعاون کرے گا کیونکہ اس سے پاکستان کی برآمدات بہتر ہوں گی، درآمدات میں کمی آئے گی اور چین کے سرمایہ کاروں کی بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کر کے چین کی کمپنیاں افریقہ اور مشرق وسطی سمیت دیگر ممالک کو اپنی برآمدات کر سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین میں پاکستانی مصنوعات کی نمائش کے لیے ایک شو روم قائم کیا جائے گا تاکہ چین کے ساتھ پاکستان کی برآمدات کو بہتر بنایا جا سکے۔پاکستان چائنا بزنس فورم کے وائس چیئرمین لیو شاو ہانگ نے اپنے خطاب میں کہا کہ چین کی کمپنیاں پاکستان میں گرین انرجی میں خصوصی دلچسپی لے رہی ہیں لہذا ان کا فورم آئی سی سی آئی کے تعاون سے اس شعبے میں چین کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی کوشش کرے گا۔

وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ چین کی کمپنیوں کو چاہیے کہ وہ ٹیکنالوجی کی منتقلی کر کے پاکستان میں درآمدات کے متبادل تیار کے صنعتی یونٹس لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی الیکٹرانکس کی سالانہ درآمدات تقریبا 10 ارب ڈالر ہیں لہذا چین کے سرمایہ کار اس شعبے میں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں جس سے ہمارا امپورٹ بل کم ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، مینوفیکچرنگ، تعمیرات، سیاحت، ویئر ہاسنگ، کولڈ چین لاجسٹکس، ایئر فریٹ اینڈ ٹرانسپورٹیشن، ٹرکنگ اور اربن ٹرانسپورٹ سمیت پاکستان کے متعدد شعبوں میں سرمایہ کاری کے پرکشش مواقع موجود ہیں لہذا چین کے سرمایہ کار ان سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں۔چیمبر کے نائب صدر اظہر الاسلام ظفر، پاکستان چائنا بزنس فورم کے ڈائریکٹر کمانڈر (ریٹائرڈ) محمد ایوب، ظفر بختاوری، میاں شوکت مسعود، محمد اعجاز عباسی، باصر داد، امیر حمزہ، ڈاکٹر محمد عثمان، چوہدری محمد علی، خالد چوہدری اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پاکستان و چین کے دوطرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات کو مزید بہتر کرنے کے لیے مفید تجاویز پیش کیں۔