ایچ ای سی نے وزیراعظم نیشنل انوویشن ایوارڈ پروگرام کے تحت درخواستیں طلب کر لیں

جمعہ 28 اکتوبر 2022 20:47

ایچ ای سی نے وزیراعظم نیشنل انوویشن ایوارڈ پروگرام کے تحت درخواستیں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اکتوبر2022ء) ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے نوجوان پاکستانی انٹرپرینیورز سے وزیراعظم نیشنل انوویشن ایوارڈ پروگرام کے تحت درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ پندرہ سے تیس سال کے نوجوان انٹرپرینیورز 15نومبر 2022 تک www.pmyp.gov.pk کے ذریعے اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔ وزیر اعظم نیشنل انوویشن ایوارڈ وزیراعظم یوتھ پروگرام (پی ایم وائی پی) کا ایک منصوبہ ہے۔

ایچ ای سی اس منصوبے پر عملدرآمد کر رہا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد گلوبل انوویشن انڈیکس میں پاکستان کی پوزیشن کو بہتر بنانا، نوجوانوں میں انٹرپرینیورشپ کا کلچر پروان چڑھانا اور نظریات کو کاروبار میں بدلنا ہے۔اس منصوبے کے تحت تمام پاکستانی نوجوان اپنی کاروباری سوچ کو پیش کرکے انڈسٹری کے ماہرین سے مالی و تکنیکی معاونت حاصل کرنے اور ساتھ ہی چھ ماہ پر مشتمل انکیوبیشن کا موقع حاصل کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

درخواستوں کی وصولی کے بعد کل 250 نوجوانوں کو تربیت کا موقع فراہم کیا جائے گا تاہم 50 پروپوزلز کو ایوارڈ کے لیے منتخب کیا جائے گا اور ایک سٹارٹ اپ کے لیے زیادہ سے زیادہ 20 لاکھ روپے کی فنڈنگ دو مراحل میں فراہم کی جائے گی۔تمام 50 انٹرپرینیورز اپنے کاروبار کو مزید بہتر بنانے کے لیے دس لاکھ کی اضافی گرانٹ کے لیے بھی درخواست دے سکیں گے اور یہ گرانٹ بزنس انکیوبیشن سنٹرز کے ذریعے دی جا سکے گی۔

وزیراعظم نیشنل انوویشن ایوارڈ نہ صر ف نوجوان انٹرپرینیورز کی حوصلہ افزائی کرے گا بلکہ معاشرے اورملکی معیشت کی بہتری میں بھی اپنا کردار ادا کرے گا۔ اس منصوبے کے تحت فنڈنگ تمام شعبہ جات بشمول غذائی تحفظ، آبی وسائل کے استعمال و تحفظ، پائیدار توانائی، شہری منصوبہ بندی، آب و ہوا اور ماحولیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن، گورننس و اصلاحات، سوشیالوجی اور فزیالوجی، میڈیکل اور دیگر شعبہ جات کے لیے فراہم کی جائے گی۔

فنڈنگ کی فراہمی میرٹ پر مبنی شفاف نظام کے تحت یقینی بنائی جائے گی۔ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے تحت ایچ ای سی پانچ پروگراموں کو عملی جامہ پہنا رہا ہے جن میں نیشنل انوویشن ایوارڈ، ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس لیگ ، سپورٹس اکیڈمیز کا قیام، گرین یوتھ موومنٹ اور ڈیجیٹل یوتھ ڈیویلپمنٹ پروگرام شامل ہیں۔ ان منصوبوں کا مقصد نوجوانوں کو مالی طور پر مستحکم کرنا، صحت مندانہ سرگرمیوں میں شریک کرنا اور باہنر بنانا ہے۔