بحریہ یونیورسٹی ہیلتھ سائنسز کیمپس کے آٹھویں کانووکیشن کا کراچی میں انعقاد

بحریہ یونیورسٹی ہیلتھ سائنسز کیمپس (BUHSC) کی آٹھویں کانووکیشن تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف اور بحریہ یونیورسٹی کے پرو چانسلر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے

ہفتہ 29 اکتوبر 2022 12:42

بحریہ یونیورسٹی ہیلتھ سائنسز کیمپس کے آٹھویں کانووکیشن کا کراچی میں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 اکتوبر2022ء) بحریہ یونیورسٹی ہیلتھ سائنسز کیمپس (BUHSC) کی آٹھویں کانووکیشن تقریب کراچی میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف اور بحریہ یونیورسٹی کے پرو چانسلر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ مہمان خصوصی نے تعلیمی میدان میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے طلبہ کو میڈلز اور میرٹ سرٹیفیکیٹس دیے۔



کانووکیشن میں ایم فل، ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، بی ایس (نرسنگ)، ڈی پی ٹی اور ایم ایل ٹی مکمل کرنے والے کل 262 گریجویٹس کو ڈگریاں تفویض کی گئیں۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے طلباء، والدین اور فیکلٹی کو اہم سنگ میل کی تکمیل پر مبارکباد دی اور طلباء اور بحریہ یونیورسٹی ہیلتھ سائنسز کیمپس کی فیکلٹی کی کاوشوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی نے اس بات پر زور دیا کہ صحت کی تعلیم کو کیرئیر کے طور پر اپناتے ہوئے طلبہ نے ایک نہایت اعلیٰ پیشے کا انتخاب کیا ہے جو بلا تفریق و بلا امتیاز وسیع پیمانے پر انسانیت کی خدمت کرتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ بحریہ یونیورسٹی ہیلتھ سائنسز کیمپس کے نوجوان گریجویٹس کچھ وقت ملک کے دیہی علاقوں میں گزاریں اور ضرورت مندوں کو علاج کی فراہمی میں اپنا حصہ ڈالیں۔



قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں بحریہ یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل کلیم شوکت (ریٹائرڈ) نے بحریہ یونیورسٹی ہیلتھ سائنسز کیمپس میں زیر تعمیر ڈینٹل کالج اور طلباء کیلئے کیمپس میں رہائش کی توسیع سمیت اہم ترقیاتی منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ تعلیمی میدان میں انہوں نے خاص طور پر ہیلتھ سائنسز میں پی ایچ ڈی پروگرام کے تعارف اور ڈینٹل مضامین میں ایف سی پی ایس ٹریننگ کا ذکر کیا۔ آخر میں شعبہ ہیلتھ سائنسز کے ڈین نے طلباء سے حلف لیا۔

تقریب میں پاک بحریہ اور بحریہ یونیورسٹی کے اعلیٰ حکام اور شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والے نامور افراد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :