Live Updates

عمران خان اب چاروں صوبوں سے منتخب رکن قومی اسمبلی ہیں، فواد چوہدری

فضل الرحمن کے مذہبی منافرت پر مبنی مہم چلانے کے باوجود عوام نے عمران خان کو ووٹ دے کر کامیاب کرایا سیاست کے فیصلے عوام کرتے ہیں ،اب چیف الیکشن کمشنر اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں، رہنماء پی ٹی آئی

پیر 31 اکتوبر 2022 21:04

عمران خان اب چاروں صوبوں سے منتخب رکن قومی اسمبلی ہیں، فواد چوہدری
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 اکتوبر2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان اب چاروں صوبوں سے رکن قومی اسمبلی ہیں۔قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 45 کرم کے ضمنی انتخاب میں پی ٹی آئی چیئرمین کے میدان مارنے کے بعد فواد چوہدری نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ سیاست کے فیصلے عوام کرتے ہیں اور انہوں نے بند کمروں کے فیصلوں کو مسترد کردیا ہے، عمران خان عوام تمام ضمنی الیکشن میں کامیاب ہو رہے ہیں اور وہ اب تمام صوبوں سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہیں۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ عوام کی عدالت الیکشن کمیشن کے فیصلے مسترد کر رہے ہیں اور وہ ضمنی الیکشن میں نئے انتخابات کیلئے عمران خان کو ووٹ دے رہے ہیں، عوام کا فیصلہ مانیں اور عام انتخابات کا اعلان کریں۔فواد چوہدری نے کہا کہ فضل الرحمن نے این اے 45کرم میں مذہبی منافرت پر مبنی مہم چلائی، لیکن اس نفرت انگیز مہم کے باوجود حلقے کے عوام نے عمران خان کو ووٹ دے کر کامیاب کرایا، میں این اے 45کے غیور عوام کو سلام پیش کرتا ہوں اور مطالبہ کرتا ہوں کہ عوام کے اس فیصلے کے بعد چیف الیکشن کمشنر اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات