محکمہ خزانہ پنجاب نے گجرات اور منڈی بہاوالدین کیلئے بوریوں کے منہ کھول دئیے

منگل 1 نومبر 2022 21:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 نومبر2022ء) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی ان کے دست راست اور پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کے بعد اب وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے مونس الٰہی بھی اپنے انتخابی حلقہ میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے میدان میں اتر آئے ہیں جبکہ محکمہ خزانہ پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کے آبائی شہر گجرات کے لئے 14 ارب روپے ان کے دست راست پرنسپل سیکرٹری محمد خان بھٹی کے آبائی شہر منڈی بہائوالدین کے لئے 9 ارب روپے اور وزیراعلیٰ پنجاب کے صاحبزادے مونس الٰہی کے انتخابی حلقہ این اے 69 میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے 4 ارب روپے جاری کردئیے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چودھری پرویز الٰہی اور محمد خان بھٹی کے آبائی شہروں میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے 104 ارب روپے کا بجٹ منظور کیا جا چکا ہے جبکہ ان دونوں شہروں کے لئے مجموعی طور پر 23 ارب روپے کا بجٹ جاری کیا جا چکا ہے جو پنجاب کے دیگر اضلاع کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔ واضح رہے کہ محکمہ خزانہ پنجاب صوبے کے مختلف اضلاع کے حوالے سے ترقیاتی منصوبوں کے لئے بجٹ کے اجراء کے سلسلے میں بھیجی گئی سمریاں مسترد کر رہا ہے ۔