اسلام آباد کو جرائم سے پاک شہر بنانے میں اسلام آباد پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے، احسن بختاوری

جمعہ 4 نومبر 2022 13:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 نومبر2022ء) اسلام آباد پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل سیف سٹی رومیل اکرم نے کہا ہے کہ سیف سٹی منصوبے کو فعال بنا کر مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں سکیورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر کریں گے تاکہ کاروباری برادری پرسکون ماحول میں کاروبار کو فروغ دے سکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر تاجر برادری سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی تمام مارکیٹوں اور تجارتی مراکز میں کیمرے نصب کرنے پر توجہ دے جن کو سیف سٹی منصوبے سے منسلک کیا جائے گا تاکہ امن و مان کو مزید بہتر کیا جائے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے سیف سٹی منصوبے کو مزید فعال بنانے کے اقدام کو سراہا اور اس عزم کا اظہارکیا کہ اسلام آباد کو جرائم سے پاک شہر بنانے میں بزنس کمیونٹی اسلام آباد پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں کیش اور موبائل فون چھیننے سمیت دیگر وارداتیں ہوتی رہتی ہیں لہذا کیمروں کی تنصیب کے ساتھ ساتھ مارکیٹوں اور صنعتی علاقوں میں پولیس کا گشت بھی بڑھایا جا ئے جس سے وارداتوں میں کمی آئے گی۔چیمبر کے سینئر نائب صدر فاد وحید، نائب صدر اظہر الاسلام ظفر، ظفر بختاوری، محمد اعجاز عباسی، سیف الرحمٰن خان، چوہدری جاوید اقبال، شیخ محمد اعجاز، مقصود تابش، چوہدری محمد علی، اختر حسین، ڈاکٹر محمد عثمان، خالد چوہدری، شوکت حیات اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور اپنے اپنے علاقوں کے پولیس سے متعلقہ مسائل سے ڈی آئی جی سیف سٹی کو آگاہ کیا اور ان کے حل کی درخواست کی۔