Live Updates

سینیٹر اعظم سواتی کی مبینہ ویڈیو لیک معاملے پر کمیٹی بن گئی

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے 14 رکنی اسپیشل کمیٹی کو 30 روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 6 نومبر 2022 14:33

سینیٹر اعظم سواتی کی مبینہ ویڈیو لیک معاملے پر کمیٹی بن گئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 06 نومبر 2022ء ) چیئرمین سینیٹ نے اعظم سواتی کی مبینہ ویڈیو لیک معاملے پر کمیٹی قائم کردی۔ تفصیلات کے مطابق اعظم سواتی کی مبینہ ویڈیو لیک معاملے کی تحقیقات کے معاملے پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے 14 رکنی اسپیشل کمیٹی قائم کی ہے، کمیٹی میں اعظم نذیر تارڑ، محسن عزیز، یوسف رضا گیلانی ، غفور حیدری اور انوار الحق کاکڑ شامل ہیں، فیصل سبزواری، طاہر بزنجو، شفیق ترین، سینیٹر مشتاق سینیٹر قاسم ، مظفر شاہ، ہدایت اللہ، کامل علی آغا اور دلاور خان بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔

بتا گیا ہے کہ کمیٹی ارکان کنوینئر کا خود فیصلہ کریں گے، اسپیشل کمیٹی کو 30 روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جس کے لیے خصوصی کمیٹی اعظم سواتی کی مبینہ ویڈیو لیک کی ہر پہلو سے انکوائری کرے گی۔

(جاری ہے)

ادھر ایف آئی اے نے سینیٹراعظم سواتی کی ویڈیو کو جعلی قرار دے دیا، جیو نیوز کے مطابق ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ اعظم سواتی سے منسوب وڈیو اور آڈیو کا تفصیلی تجزیہ کیا گیا، اعظم خان سواتی کی وڈیو کی فرانزک انٹرنیشنل معیار کے مطابق کی گئی، انٹرنیشنل معیار کے فرانزک سے ثابت ہوا ہے ویڈیو میں ایڈیٹنگ ہوئی ہے، چہروں کو بگاڑ کر مختلف وڈیوز اس میں شامل کی گئیں۔

ایف آئی اے کے مطابق اعظم سواتی نے جو باتیں کی ہیں اس پر باضابطہ تحقیقات کی ضرورت ہے، اعظم سواتی ایف آئی اے کو تحریری درخواست دیں اور اپنے تحفظات تحریر کر دیں، جعلی وڈیو سینیٹراعظم سواتی کو بدنام کرنے کیلئے پھیلائی گئی ہے۔یاد رہے تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی نے انکشاف کیا ہے کہ میری اور بیوی کی پرائیویٹ ویڈیو میری بیٹی کے نمبر پر بھیجی گئی۔

اعظم سواتی پریس کانفرنس کے دوران یہ بات بتا کر پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا تھا کہ میری کوئی ویڈیو کسی پاس نہیں ہوسکتی تھی لیکن میں غلط تھا، رات کو میں لاہور تھا اور میری بیوی اسلام آباد تھی،اس نے مجھے کال کی اس کی چیخ و پکار اسکی سسکیاں نہیں رک رہی تھیں۔ میں نے بڑا ضبط کیا، میں سمجھا میری پوتیوں کو قتل کر دیا ہے اور میں لاہور میں ہوں۔

میں بار بار زور زور سے کہتا کیا بات ہے؟ اس کی چیخ و پکار کے علاوہ آواز نہیں نکلتی تھی۔ یہ سلسلہ چار منٹ تک جاری رہا،میری بیٹی جو کہ امریکہ سے آئی ہوئی ہے۔ میں نے اسے کال کی کہ کوئی بات آپ سے چھپی ہوئی نہیں، میں نے اس سے کہا کہ اپنی ماں سے پوچھو کیا بات ہے، میرا دل پھٹ رہا ہے۔ اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ میرے دل میں تین اسٹنٹ لگے ہوئے ہیں میرا دل پھٹ رہا تھا، اس نے ماں کو منایا اور کہا کہ مجھے بغیر نمبر کے کسی نے ویڈیو بھیجی ہے اس میں تم ہو، میں نے کہا کہ تمہاری ماں نہیں سمجھتی کہ میں رات نو بجے سو جاتا ہوں، میں تہجد گزار ہوں،13 اکتوبر کو جب لیکر گئے تھے تو ویڈیو بنائی گئی،آج کے دور میں جعلی ویڈیو بنانا کونسا مشکل کام ہے۔

اس نے پھر کہا کہ ڈیڈی یہ ویڈیو کسی اور کی نہیں بلکہ آپ کی اور امی کی ہے۔ میں نے کہا یہ کیسے ممکن ہے؟ اعظم سواتی پریس کانفرنس کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگئے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات