مجاہد کالونی کے عوام اگر متحد و منظم ہیں تو پھر انشااللہ ہم کسی کو بھی آپ کے گھر مسمار کرنے نہیں دیں گے، ڈاکٹر فاروق ستار

انشااللہ میں بھی آج سے آپ کے ساتھ ہوں، آج تک جتنے مکان گرانے تھے گرادیئے ،انشاللہ آج کے بعد ہم کسی مکان کو گرانے نہیں دیں گے،سربراہ ایم کیوایم پاکستان

ہفتہ 12 نومبر 2022 22:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2022ء) سربراہ تنظیم (ایم کیو ایم)پاکستان بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے ڈسٹرکٹ سینٹرل مجاہد کالونی کے متاثرین کے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔ مظاہرین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ اور مظاہرین کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستارنے کہا کہ اگر آپ سب متحد و منظم ہیں اور ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح کھڑے ہیں تو پھر انشااللہ میں بھی آج سے آپ کے ساتھ ہوں،آج تک جتنے مکان گرانے تھے گرادیئے انشاللہ آج کے بعد ہم کسی مکان کو گرانے نہیں دیں گے،ہم نے پاکستان کوارٹرز، مارٹن کوارٹرز، جھانگیر کوارٹرز کے عوام کے ساتھ ملکر انکے کوارٹرز بچائے تھے۔

انہوںنے کہاکہ انشا اللہ مجاہد کالونی کے عوام کو بھی بے گھر نہیں ہونے دیں گے،کوئی ہمیں ہلکا نا لیں ہم کوئی حلوہ نہیں جو کھا جائیں گے، شہر کراچی پاکستان میں رہنے والے 23 کروڑ پاکستانیوں کا شہر ہے یہاں ہر مذہب، مسلک، رنگ و نسل کے لوگ بستے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ حکومت کو یہاں رہنے والے لوگوں کو بے دخل کرنا ہے تو پھر اس شہر کے اکابرین کو بتانا ہوگا کہ کیوں شہریوں کو بے دخل کیا جارہا ہے، صوبائی حکومت ہمیں یہ بتائے کہ کیا اس علاقے کی سڑکوں سے انہیں جہاز اڑانے ہیں۔ آخر میں ڈاکٹر فاروق ستار نے حکومت سندھ کے ذمہ داران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ مجاہد کالونی کے متاثرین کے مسائل کو سن کر انہیں جلد از جلد حل کریں۔ اور مجاہد کالونی کے مکینوں کو ریلیف فراہم کریں۔