مجاہد کالونی متاثرین کاوزیر اعلی ہائوس کے باہر دھرنے کا انتباہ

دھرنا دوسرے روز بھی جاری،قاری محمد عثمان،شاہی سید، فاروق ستار ودیگر سیاسی رہنمائوں نے شرکت کی آپریشن ختم ،گرائے گئے گھروں کے معاوضے کا اعلان کیا جائے، مقررین کا حکومت کو 48کا الٹی میٹم

ہفتہ 12 نومبر 2022 22:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2022ء) مجاہد کالونی ایکشن کمیٹی کے زیر اہتمام تجاوزات کے خلاف آپریشن کے خلاف احتجاجی دھرنا دوسرے روزبھی جاری رہا۔دھرنے سے جے یوآئی کے مرکزی رہنماقاری محمد عثمان،اے این پی کے صوبائی صدر شاہی سید،ایم کیوایم بحالی کمیٹی کے کنوینر فاروق ستار ،مسلم لیگ ن کراچی کی سیکرٹری جنرل ناصرالدین اور دیگر جماعتوں کے رہنماں نے شرکت کی۔

رہنمائوں نے آپریشن فوری روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے وزیراعلی ہاس سمیت شہربھرمیں احتجاج کی کال دینے کی دھمکی دے دی۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے جے یوآئی رہنما قاری محمدعثمان نے کہاکہ صوبائی حکومت کو 48گھنٹوں کا وقت دیتے ہیں وزیر اعلی خود علاقے کا دورہ کریں اور آپریشن روکنے کا اعلان کرے،جوگھراب تک گرائے جاچکے ان کا معاوضہ اداکیا جائے ورنہ کمیٹی باہمی مشاورت سے آیندہ کا لائحہ عمل طے کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ مجاہدکالونی کے باسی کوئی آج یہاں آکر نہیں بسے،کوئی 50سا ل سے رہ رہاہے ،کوئی 60سال یہاں کا مکین ہے ،کوئی 70سال سے رہ رہاہے آج حکومت کو یاد آگیاکہ یہ آبادی غیرقانونی ہے یہ ظلم ہے اور ہم ظلم کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔قاری عثمان نے مزید کہاکہ پی پی کا مشور روٹی کپڑا مکان تھا مگر آج صوبائی حکومت یہ تینوں چیزیں چھین رہی ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر شاہی سید نے کہاکہ آج ہم غریب عوام کے لیے یہاں اکٹھے ہوئے ہیں ہم ظلم کے خلاف جمع ہوئے ہیں،ہم نے کل بھی مظلوموں کے لیے آج اٹھائی تھی آج بھی اٹھارہے ہیں اور آیندہ بھی ہر مظلوم کے ساتھ ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ شہرمیں تباہی کا سلسلہ عرصے سے چل رہاہے ،کبھی رکشوں پر پابندی لگائی جاتی ہے کبھی پرانے بسوں کو بندکیا جاتاہے تو کبھی غریبوں کے گھرتوڑے جاتے ہیں ،اب یہ سلسلہ بند ہوناچاہیے۔

انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں آپریشن فوری روکا جائے ،اگر ہمارا مطالبہ تسلیم نہیں کیا جاتاتو پھر ہمارے پاس وزیر اعلی ہائوس سمیت شہر بھر میں احتجاج کا آپشن موجود ہے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان کی قدیم ترین آبادی مجاھد کالونی کو مسمار کرنا بدترین ظلم ہے حکمران ہوش کے ناخن لیں اور عوام سے زندہ رہنے کا حق چھینا کا کھیل بند کرے بصورت دیگر عوامی سیلاب حکومتی ایوانوں میں بیٹھے حکمرانوں کی نیندیں حرام کردے گا۔