حیدرآباد کے مختلف علاقوں کے تقریبا ً6 ہزار بارش متاثرین میں مویشیوں کا چارہ تقسیم کیا گیا

بدھ 16 نومبر 2022 18:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 نومبر2022ء) حیدرآباد کے علاقے قاسم آباد میں محکمہ لائیو اسٹاک سندھ کی جانب سے سماجی تنظیم کے تعاون سے بارش متاثرین میں مویشیوں کا چارہ تقسیم کرنے کی تقریب منعقد کی گئی ،جس میں مویشی مالکان کو مویشیوں کا چارہ فراہم کیا گیا۔قاسم آباد بائی پاس پر بارش متاثرین میں مویشیوں کا چارہ تقسیم کرنے کی تقریب میں ڈائریکٹر اینیمل بریڈنگ سندھ احتشام الحق رانا، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک حیدرآباد سید صابر علی شاہ، دی رائزنگ فائونڈیشن کے براجیکٹ کو آرڈینیٹر جام فرید لاکھو، رہنما پیپلزپارٹی غلام نبی لاشاری، راشد کیریو، وسیم کیریو و دیگر نے شرکت کی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر برائے لائیو اسٹاک اینڈ فشریز سندھ عبدالباری پتافی کی خصوصی ہدایات پر بارش متاثرین میں مویشیوں کا چارہ تقسیم کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد کے مختلف علاقوں کے تقریبا 6 ہزار بارش متاثرین میں مویشیوں کا چارہ تقسیم کیا گیا ہے جبکہ ضلع کے دیگر علاقوں میں بھی مویشیوں کا چارہ تقسیم کرنے کا عمل بھی جاری ہے ۔انہوں مزید کہا کہ بارش و سیلاب کے دوران بڑی تعداد میں مویشی ہلاک ہوئے تھے جبکہ کئی مویشی متاثر ہوئے جن کے لیے چارہ تقسیم کیا جا رہا ہے ۔تقریب میں دی رائزنگ فائونڈیشن کی سیدہ صدف شاہ، محکمہ کائیو اسٹاک کے ڈاکٹر جام سیندل، پی پی پی رہنما شیر علی خواجہ و دیگر شریک تھے۔