Live Updates

پی ڈی ایم جو مرضی کرلے اگلا دورِ حکومت عمران خان کا ہے

یہاں ووٹ تو عوام ڈالتےہیں لیکن طاقت عوام کے پاس نہیں ہوتی،کپتان اپنی ذات کیلئے سیاست میں نہیں آیا،عمران آئے گا تو سارا پیسا عوام پر لگے گا، سڑکیں، کالج، سکول ہسپتال بنیں گے۔ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی اسد عمر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 17 نومبر 2022 17:42

پی ڈی ایم جو مرضی کرلے اگلا دورِ حکومت عمران خان کا ہے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 نومبر 2022ء) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمرنے کہا ہے کہ پی ڈی ایم جو مرضی کرلے اگلا دورحکومت عمران خان کا ہے، یہاں ووٹ تو عوام ڈالتے ہیں لیکن طاقت عوام کے پاس نہیں ہوتی، کپتان اپنی ذات کیلئے سیاست میں نہیں آیا،عمران آئے گا تو سارا پیسا عوام پر لگے گا، سڑکیں، کالج، سکول ہسپتال بنیں گے۔ انہوں نے قائد آباد میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت آئندہ عمران خان کی آئے گی ، پی ڈی ایم والے جو مرضی کرلیں اگلا دور عمران خان کا ہے، ترقی کے کام بھی ہوں گے، کپتان اپنی ذات کیلئے سیاست میں نہیں آیا،تین سال 8ماہ وزارت اعظمیٰ کے عہدے پر بیٹھا لیکن کوئی بتا دے کہ عمران خان نے کوئی فیکٹری کھڑی کرلی ہو، کوئی ٹاور بنایا ہو، جو بھی پاکستانی وسائل کا پیسا ہوگا وہ عوام پر لگے گا، جس دن پاکستان کا سارا پیسا پاکستان پر خرچ ہوگا تو نظر آئے گا سڑکیں، کالج، سکول ہسپتال بھی بنیں گے، عوام کی ساری ضروریات پوری ہوں گی۔

(جاری ہے)

سوال یہ ہے کہ ابھی تک ہوا کیوں نہیں ؟ ابھی تک اس لیے نہیں ہوا کہ پاکستان کا سیاسی نظام جو ہے اس میں ووٹ عوام ڈالتے ہیں لیکن طاقت عوام کے ہاتھ میں نہیں ہے، عمران خان 2018کے الیکشن میں ووٹ لے کر آیا لیکن کرسی پر چیری بلاسم بیٹھا ہوا ہے۔ کیا 2022میں کوئی الیکشن ہوا تھا جو وہ کرسی پر ہے؟بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے قائد آباد اور دینہ میں لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ شوشے چھوڑتے ہیں اور جیو کے ساتھ مل کر پروپیگنڈے کرتے ہیں، کہتے گھڑی ہے، گھڑی معاملے پر امریکا، لندن، یواے ای میں کیسز کروں گا، میں ان کو ایکسپوز کروں گا۔

جو انہوں نے مجھ پر کروڑوں کے فراڈ کے الزامات لگا دیے۔ کہاں چند کروڑ کی بات اور کہاں 11سو ارب کے کیسز معاف کروا لیے ہیں۔ نیب اور ایف آئی اے کے کیسز ختم کروالیے ہیں۔اومنی گروپ نے زرداری کے ساتھ مل کر کرپشن کی ، پاناما پیپرز میں انکشاف ہوا تھا کہ لندن میں مریم نواز کے نام پر فلیٹس ہیں، وہ کیس ختم بھی ہوگیا ہے۔ یہی ان کا حکومت میں آنے کا مقصد تھا۔

کبھی بھی وہ قوم جو ناانصافی اور چوروں کو برداشت کرلیتی ہے وہ قوم کبھی بھی اوپر نہیں جاتی وہ ہمیشہ مقروض رہتی ہے، ہم عدل وانصاف کے اصول اور ریاست مدینہ کے اصولوں کو اپنانے سے بہت دور چلے گئے ہیں، ہم ملک کو انصاف وقانون کے ذریعے آزاد کرنا چاہتے ہیں، میں سب سے بڑی پارٹی کا سربراہ ہوں لیکن ایف آئی آر درج نہیں کراسکتا، لیکن عام عوام کا کیا ہوگا؟ انہوں نے کہاکہ جب انصاف کیلئے جدوجہد کرتے ہیں تو پھر کشتیاں جلا کر جدوجہد کرتے ہیں، پیچھے مڑ کر نہیں دیکھتے، میں ہفتے کو تاریخ کا اعلان کروں گا،کس دن پنڈی پہنچنا ہے، میرا ایمان ہے کہ پاکستان کی تاریخ کا پنڈی میں عوام کا سب سے بڑا سمندر پہنچے گا، جب عوام کھڑی ہوجائے اور عوام میں شعور آجاتا ہے تو پھر کوئی ظالم اس پر ظلم نہیں کرسکتا۔

 
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات