پنجاب کی 29سپورٹس ایسوسی ایشنز میں سالانہ گرانٹ کے چیک تقسیم

ہفتہ 19 نومبر 2022 18:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2022ء) سپورٹس بورڈ پنجاب نے پنجاب کی 29 سپورٹس ایسوسی ایشنز کو سالانہ گرانٹ کے ضمن میں دو کروڑ 36لاکھ روپے دیدیئے۔ اس حوالے سے پروقار تقریب نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان ملک تیمور مسعود نے پنجاب کی سپورٹس ایسوسی ایشنز میں سالانہ گرانٹ کے چیک تقسیم کئے۔

اس موقع پر وائس چیئرمین سپورٹس بورڈ پنجاب ندیم عباس بارا،صدر پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن و کمشنر لاہور محمد عامر جان، سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب احسان بھٹہ،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی،سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا، سابق فاسٹ بالر و ڈائریکٹر لاہور قلندرز عاقب جاوید، سیکرٹری پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن ادریس حیدر خواجہ، عرفان اللہ، ڈائریکٹر ایڈمن سید عمیر حسن، ڈائریکٹر سپورٹس چاند پروین، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن طارق وٹو،اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظہور احمد، بیس بال فیڈریشن کے صدر فخر شاہ، ریسلنگ فیڈریشن کے سیکرٹری ارشد ستار اور دیگر سپورٹس ایسوسی ایشنز کے عہداران بھی موجود تھے، گرانٹ مالی سال 2021-22 دینے کی منظوری سپورٹس بورڈ پنجاب کے بورڈ نے دی ہے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل و امور نوجوانان ملک تیمور مسعود نے کہا کہ یہ تاریخی موقع ہے کہ پنجاب کی سپورٹس ایسوسی ایشنز کا گرانٹ دینے کا مطالبہ پورا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں سپورٹس کے فروغ میں سپورٹس ایسوسی ایشنز کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پنجاب کی سپورٹس کی ترویج کے لئے سپورٹس ایسوسی ایشنز جن کی سپورٹس بورڈ پنجاب کیساتھ ایسوسی ایشن ہے ، انہیں گرانٹ دی ہے، اب ایسوسی ایشنز کا فرض ہے کہ وہ زیادہ سے زیادہ سپورٹس ایونٹس کرائیں، کھلاڑی تیار کریں اور ڈیلیور کریں۔

صوبائی وزیر کھیل نے اعلان کیا کہ اب یہ گرانٹ ہر سال سپورٹس ایسوسی ایشنز کو دی جائے گی ۔ صدر پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن و کمشنر لاہور نے اپنے خطاب میں صوبائی وزیر کھیل وامور نوجوانان ، سیکرٹری یوتھ افیئرز اینڈ سپورٹس پنجاب اور ڈی جی سپورٹس پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج پنجاب کی سپورٹس تنظیموں کا دیرینہ مطالبہ پورا ہوگیا ہے کیونکہ فنڈز کے بغیر سپورٹس کرنا یا کرانا ناممکن ہے، گرانٹ ملنے سے سپورٹس کے میدان میں ترقی ہوگی اور گراس روٹ لیول سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئیگا۔

ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب نے اس موقع پرکہا کہ سپورٹس کا فروغ ہماری اولین ترجیح ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب نے ہمیشہ کھلاڑیوں کو اپنی صلاحتیں دکھانے کے بہتر مواقع میسر کئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ سپورٹس بورڈ پنجاب پہلے بھی سپورٹس فیڈریشن اور ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر ایونٹس منعقد کراتا رہا ہے اور پنجاب ایسوسی ایشنز کو گرانٹ دینا بھی اس سلسلہ کی ایک کڑی ہے تاکہ سپورٹس کی ترقی ہو۔