فلم جوائے لینڈ کی نمائش پر پابندی،کیس کو باقاعدہ طور پر سماعت کے لیے مقرر کر نے کا حکم

منگل 22 نومبر 2022 20:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2022ء) لاہور ہائیکورٹ نے فلم جوائے لینڈ کی سینما گھروں میں نمائش پر پابندی عائد کرنے کے لئے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کااعتراض کو ختم کرتے ہوئے کیس کو باقاعدہ طور پر سماعت کے لیے مقرر کر نے کا حکم دے دیا ۔جسٹس مزمل اختر شبیر نیلاہور کے مقامی شہری محمد بلال شفیق کی دائر درخواست پر بطور اعتراض کیس کی سماعت کی۔

رجسٹرار آفس نے درخواست پر قابلِ سماعت نہ کا اعتراض عائد کیا تھا ۔ عدالت عالیہ نے اعتراض ختم کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کو درخواست کو سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دے دیا ۔

(جاری ہے)

لاہور کے مقامی شہری محمد بلال شفیق نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔ جس میں وفاقی حکومت، پیمرا، سنٹرل فلم سنسر بورڈ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے اور موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فلم اخلاقی اور مذہبی اقدار کیخلاف بنائی گئی ہے۔

فلم اسلامی معاشرے میں خاندانی نظام کیخلاف منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔ ایسی فلم کو نمائش کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ درخواست گزار نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ عدالت فلم کی پاکستان میں نمائش پر پابندی عائد کرنے کا حکم دے۔ مزید استدعا کی گئی کہ کیس کے حتمی فیصلے تک فلم کی نمائش روکنے کا حکم دیا جائے۔