سندھ ہائی کورٹ نے فلم جوائے لینڈ کیخلاف درخواست مسترد کر دی

منگل 22 نومبر 2022 21:37

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 نومبر2022ء) بین الاقوامی ایوارڈ یافتہ فلم ’جوائے لینڈ‘ کے خلاف درخواست سندھ ہائی کورٹ نے مسترد کر دی۔فلم جوائے لینڈ کے خلاف درخواست سندھ ہائی کورٹ نے ابتدائی دلائل کے بعد مسترد کر دی۔اس سے قبل فلم جوائے لینڈ کی سینما گھروں میں نمائش لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کی گئی تھی۔درخواست میں وفاقی حکومت، پیمرا، سینٹرل فلم سنسر بورڈ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

فلم جوائے لینڈ پر پابندی اور سوشل میڈیا سے مواد ہٹانے کے لیے پشاور ہائی کورٹ میں رٹ دائر کی گئی ہے۔عدالت نے پیمرا، پی ٹی اے اور ایف آئی اے کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے دو روز میں جواب طلب کیا ہے۔دوسری جانب وزیر اعظم شہباز شریف نے فلم جوائے لینڈ کے خلاف شکایات پر غور کے لیے 8 رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی۔وزیر قانون کی سربراہی میں 8 رکنی کمیٹی میں اطلاعات، مواصلات، سرمایہ کاری، آئی ٹی کے وزراء شامل ہیں۔مشیر برائے گلگت بلتستان، چیئرمین پی ٹی اے اور چیئرمین پیمرا بھی کمیٹی میں شامل ہیں، یہ کمیٹی فلم کی سماجی اور اخلاقی اقدار کے خلاف شکایات پر غور کرے گی ۔