۱لاہور ہائیکورٹ نے فلم ’’جوائے لینڈ ‘‘پر پابندی کی درخواست پر اعتراض ختم کردیا، کیس سماعت کیلئے مقرر

منگل 22 نومبر 2022 20:45

ؔلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 نومبر2022ء) لاہور ہائیکورٹ نے فلم ’’جوائے لینڈ ‘‘پر پابندی کی درخواست پر اعتراض ختم کرتے ہوئے کیس کو سماعت کیلئے باقاعدہ طور پر مقرر کر دیا۔گزشتہ روز عدالت عالیہ میں معزز جسٹس مزمل اختر شبیر نے نے بطور اعتراض درخواست پر سماعت کی ۔عدالت نے اعتراض کو ختم کرتے ہوئے کیس کو سماعت کے لیے باقاعدہ طور پر مقرر کر دیا ۔

درخواست میں وزیر اطلاعات و نشریات، پیمرا ، سنٹرل فلم سنسر بورڈ، صوبائی وزیر اطلاعات سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ عابد حسین کھچی عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہپنجاب حکومت نے پہلے ہی فلم کی نمائش پر پابندی عائد کر رکھی ہے ، فلم کو وفاقی اور صوبائی سنسر شپ بورڈ نے سرٹیفکیٹ جاری کر رکھا ہے ،نمائش کے علاوہ سنسر شپ لائسنس کی منسوخی کی جائے ۔

درخواست گزار کے مطابق فلم اخلاقی اور مذہبی اقدار کے خلاف بنائی گئی ہے ،فلم اسلامی معاشرے میں خاندانی نظام کو توڑ سکتی ہے ، ایسی فلم کو نمائش کے لیے لائسنس جاری نہیں کیا جا سکتا ۔ استدعاہے کہ فلم کی پاکستان میں نمائش پر مستقل پابندی عائد کی جائے اور سنسر شپ سرٹیفکیٹ اور فلم کے لائسنس کو منسوخ کیا جائے ۔