Live Updates

پی ٹی آئی ملک کے حساس معمالات پر واویلاکر کے اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے،فیصل کریم کنڈی

بدھ 23 نومبر 2022 17:19

ڈیرہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2022ء) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ/بی آئی ایس پی ، سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی و پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان فیصل کریم خان کنڈی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ملک کے حساس معمالات پر واویلاکر کے اداروں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت ڈیرہ اسماعیل خان میں کوئی ایک میگا پراجیکٹ ثابت کردے، ماضی کے حکمرانوں کی نااہلی و نالائقی کی وجہ سے ڈیرہ اسماعیل خان سے دفاترکی دیگر اضلاع منتقلی کے ازالے کیلئے عملی کام کر تے ہوئے ان دفاتر کو دوبارہ ڈیرہ اسماعیل خان بحال کرارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما سردار ملک اقبال خان ایسر کی رہائش گاہ” ایسر ہاﺅس“ مریالی میں میڈیا سے گفتگو میں کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سردار ملک اقبال خان ایسر، ملک فرحان افضل دھپ، حاجی فضل الرحمن بلوچ، ملک شفیق ایسر سمیت دیگر پارٹی قائدین موجود تھے۔ فیصل کریم خان کنڈی کا کہنا تھا کہ عمران خان پہلے اپنی حکومت کے خاتمہ کا الزام امریکی سازش کو قرار دیتے رہے لیکن آج خودامریکا کے پاؤں پڑ رہے ہیں۔

ہر بات پر ”یو ٹرن“ لے رہے ہیں۔عمران خان لانگ مارچ نہیں بلکہ ”فرلانگ مارچ“ کر رہے ہیں۔26نومبرکو راولپنڈی آنے کی ان کی کال پر کچھ نہیں ہوگا، اگر ملک میں اسی طرح جتھے اسلام آباد لاکر حکومتیں تبدیل کرنے کا رواج بن گیا تو ہر بار کوئی نہ کوئی جتھہ آکر اس قسم کا ناجائز مطالبہ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی صحت سمیت ہر شعبے میں تبدیلی اور بہتری کے نام نہاد دعوے کرتی رہی مگر صورتحال اس برعکس ہے، خود عمران خان اپنے علاج کیلئے وزیر آباد کے کسی سرکاری ہسپتال میں علاج کی بجائے لاہور کے شوکت خانم ہسپتال بھاگے اور اپنی مرضی کی میڈیکل ٹیم سے اپنی رپورٹیں تیار کرائیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم ڈیرہ اسماعیل خان میں پی ٹی وی، اے پی پی، پی آئی ڈی کے دفاتر ڈیرہ اسماعیل خان واپس لے آئے ہیں، جلد ہی پیمرا کا دفتر بھی ڈیرہ منتقل ہوجائےگا۔ \378
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات