30نومبر کا جلسہ کراچی کے جیالے جیالیاں ہی کامیاب کرائیں گے۔ شاہدہ رحمانی

بدھ 23 نومبر 2022 19:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2022ء) 30نومبرکا جلسہ کراچی کے جیالے جیالیاں ہی کامیاب کرائیں گے۔ اپنوں کی غداری کے شکار عوام کے زخموں پر ہم ہی مرہم رکھیں گے اورخود کو اس شہر کاوارث ثابت کریں گے۔ ہمارا ہر کارکن اپنے اپنے محاذ پر ڈٹا ہوا ہے۔ مینڈیٹ ہمارا ہے اسے چھیننے والوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ بلدیاتی انتخابات مخالفین کو حیران اور کارکنان پی پی پی کو حکمران کردیں گے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کی سربراہ ورکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی نے گزشتہ روز پیپلز سیکریٹریٹ میں لیڈیز ونگ کراچی ڈویژن کے اجلاس میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ اس موقع پر مسرت خان نیازی،بلقیس فاطمہ، رضیہ کامران، ناہید طاہر، فریدہ مجیدودیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں شہر بھر کے مختلف ضلعی عہدیداران نے شریک ہوکر اپنے بھر پور تعاون و اشتراک کی یقین دہانی کراتے ہوئے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ ہم اپنی بھر پور توانائیاں بروئے کار لاتے ہوئے جلسہ کو کامیابی سے ہمکنار کریں گے۔

شاہدہ رحمانی نے کہا کہ کراچی کل بھی PPPکا تھا، آج بھی ہے اور ہم جلسہ کامیاب کراکے یہ ثابت کردیں گے کہ یہ شہر ہمارا ہی رہے گا۔ مسرت خان نیازی نے کہا کہ کراچی شہر کی عوامی نمائندگی میں PPP کا بڑا حصہ ہے۔ ہم ہی اس شہر کے حقیقی عوامی نمائندے ہیں۔ترقیاتی کام سب سے زیادہ اور بھر پور انداز میں، پسماندہ آبادیوں میں ترجیحاًً کرانے کا ٹریک ریکارڈ بھی ہمارا ہے۔ اس حوالے سے ہمارا دور تک بلکہ بہت دور تک کوئی بھی مقابل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ PPPاپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام میں جائے گی اور ہر مرتبہ کی طرح اس بار بھی عوام ہمیں سرخرو کریں گے۔