قطر سے سستی گیس مہیا کرانا ہو یا دوست ملکوں سے قرض کا اجرا، فوج نے مینڈیٹ سے بڑھ کر خدمت کی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

بدھ 23 نومبر 2022 23:11

قطر سے سستی گیس مہیا کرانا ہو یا دوست ملکوں سے قرض کا اجرا، فوج نے مینڈیٹ ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2022ء) پاک فو ج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ قطر سے سستی گیس مہیا کرانا ہو یا دوست ملکوں سے قرض کا اجرا، فوج نے مینڈیٹ سے بڑھ کر خدمت کی۔جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں یوم دفاع و شہدا کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آارمی چیف نے کہا کہ انہیں فخر ہے کہ وہ 6 سال اس فوج کے سپہ سالار رہے۔

انہوں نے کہا کہ فوج کا بنیادی کام ملک کی جغرافیائی حدود کی حفاظت کرنا ہے تاہم پاک فوج ہمیشہ اپنی استطاعت سے بڑھ کر اپنی قوم کی خدمت میں پیش پیش رہتی ہے، ریکوڈک کا معاملہ ہو یا کارکے کا جرمانہ، فیٹف کے نقصان ہوں یا ملک کو وائٹ لسٹ سے ملانا یا فاٹا کا انضمام کرنا، بارڈر پر باڑ لگانا ہو یا قطر سے سستی گیس مہیا کرانایا دوست ملکوں سے قرض کا اجرا کرانا ہو، کووڈ کا مقابلہ یا ٹڈی دل کا خاتمہ، سیلاب کے دوران امدادی کارروائی ہو، فوج نے ہمیشہ اپنے مینڈیٹ سے بڑھ کر قوم کی خدمت کی ہے اور انشااللہ کرتی رہے گی۔

(جاری ہے)

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ان کاموں کے باوجود فوج اپنے بنیادی کام اور دہشتگردی کا مقابلہ کرنے سے کبھی غافل نہیں ہوگی، آپ جانتے ہیں کہ آج ہمارے شہروں اور دیہاتوں میں جو امن ہے، اس کے پیچھے ہمارے ہزاروں شہدا کی قربانیاں ہیں جن کو کبھی نہیں بھلایا جاسکتا کیوں کہ جو قومیں اپنے شہدا کو بھول جاتی ہیں وہ قومیں مٹ جایا کرتی ہیں۔