مشرقی پاکستان ایک فوجی نہیں بلکہ ایک سیاسی ناکامی تھی، جنرل قمر جاوید باجوہ

بدھ 23 نومبر 2022 23:11

مشرقی پاکستان ایک فوجی نہیں بلکہ ایک سیاسی ناکامی تھی، جنرل قمر جاوید ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2022ء) سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاہے کہ مشرقی پاکستان ایک فوجی نہیں بلکہ ایک سیاسی ناکامی تھی۔ بدھ کو جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں یوم دفاع و شہدا کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ میں آج ایک ایسے موضوع پر بھی بات کرنا چاہتا ہوں جس پر عموماً لوگ بات کرنے سے گریز کرتے ہیں اور یہ بات 1971 میں ہماری فوج کی سابقہ مشرقی پاکستان میں کارکردگی سے متعلق ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں یہاں پرکچھ حقائق درست کرنا چاہتا ہوں۔سب سے پہلے سابقہ مشرقی پاکستان ایک فوجی نہیں بلکہ ایک سیاسی ناکامی تھی۔ لڑنے والے فوجیوں کی تعداد 92 ہزار نہیں صرف 34 ہزار تھی، باقی لوگ مختلف گورنمنٹس کے ڈپارٹمنٹس کے تھے اور ان 34 ہزار لوگوں کا مقابلہ ڈھائی لاکھ انڈین آرمی، دو لاکھ تربیت یافتہ مکتی باہنی سے تھا لیکن اس کے باوجود ہماری فوج بہت بہادری سے لڑی اور بے مثال قربانیاں پیش کیں جس کا اعتراف خود سابق بھارتی آرمی چیف فیلڈ مارشل مانیکشا نے بھی کیا،ان بہادر غازیوں اور شہیدوں کی قربانیوں کا آج تک قوم نے اعتراف نہیں کیا جو کہ ایک بہت بڑی زیادتی ہے۔

(جاری ہے)

جنرل باجوہ نے کہا کہ میں آج اس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ان تمام غازیوں اور شہیددوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں اور پیش کرتا رہوں گا،وہ ہمارے ہیرو ہیں اور قوم کو ان پر فخر ہونا چاہیے۔