حکومت آزادکشمیر کسی صورت بلدیاتی انتخابات کرانے میں سنجیدہ نہیں،چوہدری لطیف اکبر

ایسی نااہل حکومت ہے جو تاحال سیکورٹی کا انتظام نہیں کرسکی اور حکومت خود امن وامان کی صورتحال خراب کررہی ہے

جمعہ 25 نومبر 2022 14:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2022ء) قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر کسی صورت بلدیاتی انتخابات کرانے میں سنجیدہ نہیں ہے ایسی نااہل حکومت ہے جو تاحال سیکورٹی کا انتظام نہیں کرسکی اور حکومت خود امن وامان کی صورتحال خراب کررہی ہے وزرا انتخابی حلقوں میں سرکاری وسائل کے زریعہ اثر انداز ہورہے ہیں۔

وزیراعظم عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے ہوائی اعلانات کررہے ہیں۔ایسے حالات کے باوجود پاکستان پیپلزپارٹی بلدیاتی انتخابات میں واضع کامیابی حاصل کرکے تاریخ رقم کریگی۔ انہوں نے کہا کہ مدہوش وزیر اعظم نے تحریک آزادی کے شہدا کوبھی نہیں بخشا اور وزیراعظم آزادکشمیر نے یہ کہہ کر کے کشمیری کیوں شہید ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

شہدا کے خون سے غداری کی ہے۔

ایسے شخص کو وزیراعظم بننے کا کوئی حق نہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی یونین کونسل کومی کوٹ کے زیراہتمام لطیف اکبر زندہ باد ریلی کے شرکاء سے اپنے حلقہ انتخاب گہل کے مقام پرخطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ میں یونین کونسل کومی کوٹ کے عوام کا مشکور ہوں جنہوں نے میرا جگہ جگہ والہانہ استقبال کیا, اور ملک محمد حنیف اعوان کو کامیابی کی پیشگی مبارکباد پیش کرتا ہوں آج کی ریلی میں یونین کونسل کومی کوٹ کے عوام نے ثابت کردیا ہے کہ اس یونین کونسل سے ملک محمد حنیف اعوان بھاری اکثریت سے الیکشن جیت چکے ہیں اور ستائیس نومبر کو محض رسمی کارروائی ہوگی, چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ میں پیپلزپارٹی کے تمام کارکنان سے اپیل کرتا ہوں کہ بلدیاتی انتخابات طویل عرصہ بعد آزادکشمیر میں ہورہے ہیں, عوام میں ایک بڑی تعداد کو اس الیکشن کے حوالے سے معلومات وتجربہ نا ہی, کارکنان پیپلزپارٹی عوام الناس کی رہنمائی کریں۔

پیپلزپارٹی جمہوری جماعت ہے اور جمہوریت کو ہی پسند کرتی ہی, پولنگ سے قبل, پولنگ کے دوران اور پولنگ کے بعد بھی اخلاقیات کا دامن ہاتھ سے ناچھوڑیں۔سیاسی مخالفین کی تلخ باتوں کا جواب دینے سے بھی گریز کریں اور سیاسی مخالفین کو ووٹ کی پرچی سے جواب دیں۔لطیف اکبر کایونین کونسل کومی کوٹ کی انٹری پوائنٹ پر پیپلزپارٹی کے سینکڑوں جیالوں نے شاندار استقبال کیا لطیف اکبر کو ایک بڑی ریلی کے ہمراہ یونین کونسل کی وارڈ کومی کوٹ اور بعدازاں گہل تک ایک بڑی ریلی کے ہمراہ لایاگیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی یونین کونسل کومی کوٹ کے نامزد امیدوار ملک محمد حنیف اعوان نے کہا کہ میں یونین کونسل کومی کوٹ کے عوام کامشکور ہوں جنہوں نے میری بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ اور میری ریلی میں بھرپور شرکت کی۔ انشاء اللہ کومی کوٹ سے ستائیس نومبر کو پیپلزپارٹی کامیاب ہوگی۔اس موقع پر پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سابق ممبر کشمیرکونسل اختر پرویز اعوان، پاکستان پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر محمودالحسن اعوان، ندیم کھوکھر، چوہدری اعجاز اقبال نے بھی خطاب کیا۔