فلم جوائے لینڈ کی سینما گھروں میں نمائش روکنے کے لیے درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری

جمعہ 25 نومبر 2022 17:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 نومبر2022ء) لاہور ہائیکورٹ نے فلم جوائے لینڈ کی سینما گھروں میں نمائش روکنے کے لیے درخواست پر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مزمل اختر شبیر نے درخواست پر ابتدائی سماعت کی۔درخواست میں پیمرا ، سنٹرل فلم سنسر بورڈ، صوبائی وزیر اطلاعات، سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا تھا۔

(جاری ہے)

درخواست گزار کی جانب سے ایڈووکیٹ عابد حسین کھچی عدالت میں پیش ہو کر بتایا کہ فلم کو وفاقی اور صوبائی سنسسر شپ بورڈ نے سرٹیفکیٹ جاری کر رکھا ہے۔نمائش کے علاوہ سنسسر شپ لائسنس کی منسوخی کی جائے،فلم اخلاقی اور مذہبی اقدار کے خلاف بنائی گئی ہے،فلم اسلامی معاشرے میں خاندانی نظام کو توڑ سکتی ہے، ایسی فلم کو نمائش کے لیے لائسنس جاری نہیں کیا جا سکتا،فلم کی پاکستان میں نمائش پر مستقل پابندی عائد کی جائے،سنسر شپ سرٹیفکیٹ اور فلم کے لائسنس کو منسوخ کیا جائے۔عدالت نے ریمارکس دئیے کہ پنجاب حکومت نے پہلے ہی پابندی عائد کر رکھی ہے۔عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔