Live Updates

حکومت اور تحریک انصاف مذاکرات کیلئے آگے بڑھ کر مفاہمت سے مسائل کو حل کریں‘پاکستان علماء کونسل

پاکستان کی معاشی ،اقتصادی صورتحال بہتر نہیں ،اس سے نکلنے کا واحد راستہ داخلی وسیاسی استحکام ہے ،سیاسی قیادت مل کر بیٹھے انتخابات کے حوالے سے بھی سیاسی قیادت آپس میں بیٹھ کر فیصلہ کر سکتی ہے ‘حافظ طاہر اشرفی ،علامہ عبدالحق مجاہد ،مولانا شفیع قاسمی و دیگر

جمعہ 25 نومبر 2022 23:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2022ء) پاکستان علماء کونسل اور اس کی حلیف جماعتیں تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے مذاکرات کی اپیل کرتی ہیں جس طرح نئے سپہ سالار کا انتخاب قومی وحدت سے کیا گیا ہے اسی طرح ملک کے بنیادی مسائل کے حل کیلئے قومی وحدت اور اتحاد کا مظاہرہ کیا جائے ، جنرل قمرجاوید باجوہ کی طرف سے فوج کا سیاست سے دور رہنے کا اعلان درست سمت قدم ہے ،اب سیاسی قائدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ حالات کی اصلاح کی کوشش کریں، پاکستان میں نظام عدل و انتخابات ، معاشی و اقتصادی امور کی اصلاح قومی اتحاد کے بغیر ممکن نہیں ہے ، قومی قیادت کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کے بنیادی مسائل پر میثاق پاکستان کرنا چاہیے۔

یہ بات چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، علامہ عبدالحق مجاہد، مولانا محمد شفیع قاسمی، مولانا نعمان حاشر، علامہ پیر زبیرعابد، مولانا اسد اللہ فاروق، مولانا طاہر عقیل اعوان، مولانا محمد اشفاق پتافی، مولانا عزیز اکبر قاسمی، مولانا محمد اسلم صدیقی، علامہ طاہر الحسن، مولانا قاسم قاسمی ، مولانا ابو بکر حمید صابری اور دیگر نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان اس وقت جن مسائل اور مصائب کا شکار ہے اس سے نکلنے کا واحد راستہ مذاکرات ہے ۔ احتجاجی دھرنوں ، لانگ مارچوں اور جلسے جلوسوں سے مسائل حل ہونے کی بجائے مزید مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ حکومت اور تحریک انصاف کو مذاکرات کیلئے آگے بڑھنا چاہیے اور لانگ مارچ ، جلسے جلوسوں ، مظاہروں کی بجائے مفاہمت سے مسائل کو حل کرنا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح قومی قیادت نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے آئین وقانون کے مطابق نامزد کیے جانے والے سپہ سالار جنرل حافظ سید عاصم منیرپر اتفاق کیا اسی طرح باقی مسائل پر بھی اتفاق ہو سکتا ہے ۔صدر مملکت اور وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویز الہی اس میں احسن کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس وقت 70 فیصد پاکستان سیلاب کی وجہ سے مصائب کا شکار ہے ۔

اب تمام سیاسی جماعتوں کو اپنے سیلاب زدگان بھائیوں کی امداد کیلئے کوشش کرنی چاہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی اور اقتصادی صورتحال بہتر نہیں ہے اور اس سے نکلنے کا واحد راستہ داخلی وسیاسی استحکام ہے اور اس کیلئے مذاکرات کا آغاز کیا جانا چاہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے حوالے سے بھی سیاسی قیادت آپس میں بیٹھ کر فیصلہ کر سکتی ہے اور ایسا ممکن نہیں ہے کہ سیاسی قیادت مل بیٹھ کر بیٹھے اور مسائل حل نہ ہوں اور مفاہمت کے راستے نہ کھلیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے بعض وزرا کی طرف سے عمران خان کو مذاکرات کی دعوت دی جا رہی ہے اور میثاق معیشت کے حوالے سے وزیر اعظم میاں شہباز شریف کا قومی اسمبلی میں دیا جانے والا بیان اور متعدد مرتبہ اس کا اظہار اس بات کو واضح کرتا ہے کہ اس معاملے میں حکومت سنجیدہ ہے اور پاکستان کی عوام بھی تمام جماعتوں سے یہی تقاضا کرتے ہیں کہ وہ باہمی متصادم ہونے کی بجائے باہمی مفاہمت سے مسائل کو حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ سپہ سالار قوم جنرل قمر جاوید باجوہ کا یوم دفاع وشہدا کے موقع پر خطاب حقائق کے مطابق تھا فوجی قیادت کی طرف سے معاملات میں بہتری کے اعلان کے بعد اب ذمہ داری سیاسی قیادت کے کندھوں پر آ گئی ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات