امارات کے قومی دن پر ورکر بسوں پر پابندی عائد کردی گئی

چھٹیوں کے دوران بھاری گاڑیوں کو بھی سڑکوں پر سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 26 نومبر 2022 15:26

امارات کے قومی دن پر ورکر بسوں پر پابندی عائد کردی گئی
ابوظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 نومبر 2022ء ) ابوظہبی نے قومی دن کی تقریبات کے لیے لاری اور ورکر بسوں پر پابندی کا اعلان کر دیا، ابوظہبی پولیس نے کہا ہے کہ چھٹیوں کے دوران بھاری گاڑیوں کو سڑکوں پر سفر کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اماراتی میڈیا کے مطابق اگلے ہفتے قومی دن کی تقریبات کے دوران ابوظہبی کی سڑکوں سے مزدوروں کو لے جانے والی لاریوں اور بسوں پر پابندی ہوگی، ابوظہبی پولیس نے کہا کہ یہ قاعدہ 30 نومبر کی دوپہر سے 4 دسمبر اتوار کی صبح 1 بجے تک نافذ رہے گا، ٹریفک اقدامات ابوظہبی کی تمام سڑکوں اور گلیوں پر لاگو ہوں گے، جن میں شیخ زاید روڈ، شیخ خلیفہ، مصفحہ اور مقطہ پل بھی شامل ہیں۔

اس حوالے سے ٹریفک اور گشت کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر محمد دحی الحمیری نے کہا کہ وہ گاڑیاں جو لاجسٹک سپورٹ اور عمومی صفائی کی خدمات فراہم کرتی ہیں، اس فیصلے سے مستثنیٰ ہوں گی، ٹریفک مینجمنٹ میں مدد کے لیے مصروف وقت کے دوران اضافی گشت ڈیوٹی پر ہوں گے، اس دوران پولیس کی کثیر موجودگی اور سخت کنٹرول ہوگا جو سمارٹ سروسز کا استعمال کرے گا، جب کہ اس اقدام کا مقصد ٹریفک کی ہموار نقل و حرکت کو یقینی بنانا ہے، اس لیے گاڑی چلانے والے حفاظتی اصولوں کی پابندی کریں۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ کہا گیا ہے کہ 28 نومبر سے 6 دسمبر تک لوگوں کو اپنی گاڑیوں کو مناسب طریقے سے سجانے کی اجازت ہوگی لیکن اس مدت کے بعد تمام سجاوٹ کو ہٹا دیا جانا چاہیے، ایسا کرنے میں ناکام رہنے والوں کو سزا دی جائے گی تاہم حکام نے جرمانے کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں، دیگر قوانین میں کاروں پر سپرے پینٹ کا استعمال نہ کرنا، ٹریفک میں رکاوٹ نہ ڈالنا یا غیر نامزد علاقوں میں پارکنگ شامل ہے۔

معلوم ہوا ہے کہ تعطیلات کے دوران لوگ اپنی گاڑیوں کا رنگ تبدیل نہیں کر سکتے، اپنی گاڑی کی کھڑکی کے شیشے کو زیادہ رنگ نہیں دے سکتے، لائسنس پلیٹوں کو غیر واضح نہیں کر سکتے ہیں، ڈرائیوروں اور مسافروں کو اپنی گاڑیوں کو سڑکوں پر ان کے انجنوں کے ساتھ چھوڑنے کی اجازت نہیں ہوگی اور پیدل چلنے والوں سے گزارش ہے کہ وہ صرف مخصوص جگہوں پر ہی گزریں۔

پولیس نے کہا کہ ڈرائیوروں اور مسافروں کو پک اپ ٹرک کے پیچھے نہیں بٹھانا چاہئے، اپنے سر کو کھڑکیوں یا سن روف سے باہر رکھنے، کوڑا کرکٹ پھینکنے اور سٹنٹ کرنے سے گریز کرنا چاہئے، گاڑیوں پر نامناسب تحریر اور اسٹیکر لگانے کی اجازت نہیں ہے اور لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بے ترتیب ہجوم اور پریڈ میں حصہ لینے سے گریز کریں جب کہ سڑکوں پر گھوڑوں یا اونٹوں کی سواری کی اجازت بھی نہیں ہے۔