صحت مند ماں ہی صحت مند معاشرے کی ضامن ہے، صدر فیصل آباد وویمن چیمبر

ہفتہ 26 نومبر 2022 22:47

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2022ء) صحت مند ماں ہی صحت مند معاشرے کی ضامن ہے۔ اس بات کا اظہار صدر فیصل آباد وویمن چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری روبینہ امجد نے ہیلتھ سمپوزیم کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو کہ وویمن چیمبر کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے ہیلتھ نے فیصل آباد چیمبر کے بورڈ روم میں منعقد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماں کا صحت مند ہونے کا مطلب یہ ہے کہ وہ پوری فیملی کی صحت کو برقرار رکھ سکتی ہے، وہ نہ صرف اپنے بچوں کی بہتر نگہداشت کر سکتی ہے بلکہ ان کی تعلیم و تربیت میں مرکزی کردار ادا کر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کا مقصد صرف اسی صورت میں کامیاب ہو سکتا ہے اگر عورت کی صحت بہتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ بریسٹ کینسر میں پاکستان دنیا میں ساتویں نمبر پر ہے اور ایشیا میں اس کی رینکنگ سب سے زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہر سال چالیس ہزار خواتین کینسر کے مرض سے موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں اس کیلئے حکومتی سطح پر ایک مضبوط ایکشن پلان کی ضرورت ہے جس میں پرائیویٹ سیکٹر کو بھی شامل کیا جا سکتا ہے تاکہ اس مرض پر نہ صرف مکمل آگاہی حاصل ہو بلکہ اس مرض کی بروقت تشخیص سے شرح اموات پر قابو پایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ بریسٹ فیڈنگ سے ماں کو بریسٹ کینسر، شوگر، بلڈ پریشر اور دیگر مہلک امراض سے بچایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اس کیلئے سٹریٹجک پلاننگ کی ضرورت ہے تاکہ فارمولاملک کا استعمال کم سے کم ہو۔ اس موقع پر ڈاکٹر عالیہ شائمہ، فوکل پرسن بریسٹ کلینک الائیڈ ہسپتال یونیورسٹی نے بریسٹ کینسر پر مکمل آگاہی دی اور اس سلسلہ میں احتیاطی تدابیر پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں اس مرض کے بعد ہزاروں خواتین ہر سال موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں۔ بریسٹ فیڈنگ کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے ڈاکٹر حنا عائشہ ہیڈ آف پیڈیاٹرکس فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ قرآن پاک کی تعلیمات کے مطابق بھی بہت ضروری ہے کہ ماں دو سال تک بچے کو دودھ پلائے۔ انہوں نے بتایا کہ بریسٹ فیڈنگ بریسٹ کینسر کو روکتا ہے اور فیملی کی روایات میں ماں کو بچے کو دودھ پلانے سے نہیں روکنا چاہیے۔

ڈاکٹر نجمہ افضل چیئر پرسن ہیلتھ کمیٹی نے اختتامیہ ریمارکس میں دونوں ایشوز پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ بریسٹ کینسر کے باعث ہر سال چالیس ہزار خواتین پاکستان میں موت کے منہ میں چلی جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں چھ ملین خواتین کو احتیاطی اور علاج معالجہ سے بچایا جا سکا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر عالیہ شائمہ اور ڈاکٹر حنا عائشہ کی سیر حاصل پریزنٹیشن کی تعریف کی جس سے حاضرین پوری طرح مستفید ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ بریسٹ فیڈنگ بچے کے آئی کیو لیول اور ماں بچے کے درمیان محبت کو مزید فروغ دیتی ہے۔اس موقع پر صدر فیصل آباد وویمن چیمبر روبینہ امجد نے سپیکرز کو شیلڈز پیش کیں جبکہ نائب صدر ابیہ حامد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ سمپوزیم میں خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی