Live Updates

سینیٹر اعظم سواتی جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش

عدالت نے اعظم سواتی کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 27 نومبر 2022 13:19

سینیٹر اعظم سواتی جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 نومبر2022ء) تحریک انصاف کے رہنماء سینیٹر اعظم سواتی کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کردیا گیا، عدالت نے اعظم سواتی کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔ ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گرفتار سینیٹراعظم سواتی کو سیشن کورٹ پہنچایا گیا، پراسیکیوٹر ایف آئی اےاور پی ٹی آئی کےبابر اعوان اور فیصل چودھری عدالت میں پیش ہوئے، اس موقع پر عدالت نے استفسار کیا کہ تفتیشی افسر کہاں ہیں؟ بتائیں اعظم سواتی کوکیوں گرفتار کیا ہے؟۔

اس کے جواب میں تفتیشی افسر نے کہا کہ کچھ متنازع ٹویٹس ہیں جس کے باعث اعظم سواتی کو گرفتار کیا گیا، ایک بیانیہ بنایا جا رہا ، ان چیزوں پر پہلے بھی ان پر ایف آئی آر درج کی جا چکی ، اعظم سواتی نے ٹویٹ سے انکار نہیں کیا، انہوں نے دوسری بار اس جرم کا ارتکاب کیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کو ایک بار پھر گرفتار کرلیا گیا ہے، ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے گرفتاری کی تصدیق کردی، پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری کے لیے ایف آئی اے کی 3 رکنی ٹیم نے اعظم سواتی کے فارم ہاؤس پر چھاپہ مارا، جس کے نتیجے میں پی ٹی آئی رہنماء کو گرفتار کرلیا گیا اور ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے بھی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔

ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ سینیٹر اعظم سواتی کو پی ٹی آئی جلسے میں ان کی تقریر پر گرفتار کیا گیا ہے، جب کہ ان پر اداروں کے خلاف متنازع ٹوئٹس کرنے پر نیا مقدمہ بھی درج کرلیا گیا ہے اور ایف آئی اے نے بھی اعظم سواتی کے متنازع بیان پرنیا مقدمہ درج کرنے کر تصدیق کردی ہے، نیا مقدمہ سائبر کرائم ونگ میں ایف آئی اے کے ٹیکنیکل اسسٹنٹ انیس الرحمان کی مدعیت میں تضحیک اور پیکا ایکٹ کے تحت درج کیا گیا۔

ادھر پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے سوشل میڈیا پر متنازع بیانات دینے کے الزام میں گرفتار پی ٹی آئی کے سینیٹر اعظم خان سواتی کی تقاریر، پریس کانفرنس یا ٹی وی پروگرام نشر کرنے پر پابندی عائد کی ہے، اس حوالے سے پیمرا کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اعظم سواتی نے 26 نومبر کو راولپنڈی میں ہونے والے جلسلے میں اداروں پر بغیر ثبوت کے الزامات عائد کیے، سینیٹر اعظم خان سواتی کی تقاریر، پریس کانفرنس یا پروگرامز نشر کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے، احکامات کی خلاف ورزی پر ٹی وی چینلز کا لائسنس بغیر شوکاز نوٹس معطل کر دیا جائے گا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات