کینیڈین سٹرائیکر الفونسو ڈیویز نے فیفا ورلڈکپ 2022ءمیں تیز ترین گول کا اعزاز اپنے نام کر لیا

اتوار 27 نومبر 2022 22:50

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2022ء) کینیڈین سٹرائیکر الفونسو ڈیویز نے فیفا ورلڈکپ 2022ءمیں تیز ترین گول کرنے کا اعزاز اپنے نام کر لیا، انہوں نے قطر میں جاری میگا ایونٹ میں اتوار کو گروپ ایف میں کروشیا کے خلاف کھیلے گئے میچ کے 67 ویں سیکنڈ میں گول کر کے ہالینڈ کے کوڈی گیکپو، آسٹریلیا کے کریگ گڈون اور ارجنٹائن کے لائنل میسی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دیا، گیکپو نے رواں ورلڈکپ میں ایکواڈور کے خلاف میچ میں چھٹے منٹ میں، آسٹریلیا کے گڈون نے فرانس کے خلاف نویں منٹ میں جبکہ میسی نے سعودی عرب کے خلاف میچ میں دسویں منٹ میں گول کیا تھا۔

(جاری ہے)

فیفا ورلڈکپ تاریخ میں تیز ترین گول کرنے کا عالمی اعزاز ترکیہ کے اسٹرائیکر ہکان سکر کے پاس ہے جنہوں نے 2002ءورلڈکپ میںجنوبی کوریا کے خلاف میچ میں 11 ویں سیکنڈ میں فٹ بال کو جال میں بھیج کر عالمی ریکارڈ پر قبضہ جمایا تھا، دوسرے تیز ترین گول کا اعزاز چیک کے کھلاڑی میسک کے پاس ہے جنہوں نے 1962ءورلڈکپ میں میکسیکو کے خلاف میچ کے 16ویں سیکنڈ میں گول کیا تھا، جرمنی کے ایرنسٹ تیز ترین گولز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں، جنہوں نے 1934ءورلڈکپ میں آسٹریا کے خلاف میچ کے 24ویں سیکنڈ میں گول کیا تھا جبکہ برائن روبنسن نے 1982ءورلڈکپ میں فرانس کے خلاف میچ کے 27ویں سیکنڈ میں گول کیا تھا اور وہ چوتھے نمبر پر موجود ہیں، کلنٹ ڈمپسے پانچویں تیز ترین گول سکورر ہیں، جنہوں نے 2014ءورلڈکپ میں گھانا کے خلاف میچ کے 30ویں سیکنڈ میں گول کیا تھا۔