محکمہ زراعت کا کماد کے نمائشی پلاٹ لگانے کا اعلان

پیر 28 نومبر 2022 13:41

محکمہ زراعت کا کماد کے نمائشی پلاٹ لگانے کا اعلان
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2022ء) محکمہ زراعت نے کماد کی پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت نمائشی پلاٹ لگانے کا اعلان کیا ہے اور فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ،چنیوٹ،سرگودھا،بھکر، منڈی بہاؤالدین،قصور مظفر گڑھ،لیہ،راجن پور،بہاولپور اور رحیم یار خان سمیت 13اضلاع کے کاشتکاروں سے 4جنوری تک درخواستیں طلب کر لی ہیں۔

نظامت زرعی اطلاعات محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان کے مطابق حکومت پنجاب کے کسان دوست اقدام کے تحت یہ نمائشی پلاٹ 2022-23میں لگائے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ نمائشی پلاٹ لگانے کیلئے 5سے 25ایکڑ تک قابل کاشت زرعی اراضی کے مالک کاشتکار مرد و خواتین درخواستیں دینے کے اہل ہیں جنہیں حکومت پنجاب کی طرف سے ایک ایکڑ نمائشی پلاٹ کیلئے اخراجات کی مد میں 30ہزار روپے فراہم کئے جائیں گے اور کامیاب کاشتکار محکمہ زراعت کی سفارشات کے مطابق نمائشی پلاٹ کاشت کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ نمائشی پلاٹ کیلئے درخواست فارم متعلقہ ضلع و تحصیل کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر یا زراعت آفیسر محکمہ زراعت توسیع کے دفتر سے مفت حاصل کئے جاسکتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ یہ فارم محکمہ کی ویب سائٹ www.agripunjab.gov.pk سے بھی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے جبکہ اس کی فوٹو کاپی بھی قابل قبول ہو گی۔انہوں نے بتایاکہ تمام درخواستیں تحصیل کی سطح پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع کے دفتر میں وصول کی جائیں گی اور جانچ پڑتال کے بعد درخواستیں زیادہ ہونے کی صورت میں اس کی قرعہ اندازی ضلعی سطح پر ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع کے دفتر میں ہوگی۔

انہوں نے بتایاکہ مقررہ تاریخ کے بعدکماد کا نمائشی پلاٹ لگانے کیلئے کوئی درخواست قبول نہیں کی جائے گی۔انہوں نے بتایاکہ اس سلسلہ میں مزید معلومات یا رہنمائی کیلئے محکمہ زراعت کی فری ہیلپ لائن نمبر۔17000 ۔0800پرصبح 9سے شام 5بجے تک رابطہ کیا جا سکتا ہے۔