Live Updates

پی ٹی آئی کے بہت سے لوگ رابطے میں ہیں کہ استعفے منظور نہ کرنا، خواجہ آصف

پیر 28 نومبر 2022 22:46

پی ٹی آئی کے بہت سے لوگ رابطے میں ہیں کہ استعفے منظور نہ کرنا، خواجہ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 نومبر2022ء) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے بہت سے لوگ رابطے میں ہیں کہ استعفے منظور نہ کرنا،پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلیاں تحلیل ہوئیں تو وہاں نیا الیکشن ہوجائے گا۔انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان قانون اور آئین کو اپنے مفادات کیلئے استعمال کرتے رہے ہیں، عمران خان نے اپنا آخری کارڈ کھیل لیا ہے، ان کی ساری چالیں اور کارڈ پٹ گئے ہیں، وہ پہلے قومی اسمبلی سے استعفے تو منظور کرائیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ جب صوبائی اسمبلی سے استعفیٰ دیں گے تو دیکھ لیں گے کتنے لوگ استعفیٰ دیتے ہیں، پی ٹی آئی کے بہت سے زائد لوگ رابطے میں ہیں کہ استعفے منظور نہ کرنا۔خواجہ آصف نے کہا کہ اگر پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیاں ٹوٹتی ہیں تو دونوں اسمبلیوں میں نیا الیکشن ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب سے متعلق خواجہ آصف نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی نے سیاست میں کبھی لمبا چوڑا رسک نہیں لیا، وہ ہمیشہ بھاری پلڑے کی طرف ہی ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سیاسی لوگ بادشاہ والا ذہن تو نہیں رکھ سکتے، اب ہم ملک سے مہنگائی ختم کرنے پر توجہ دیں گے، ہماری کوشش ہوگی کہ عام آدمی کوریلیف ملے، ہم الیکشن تک معیشت میں جان ڈالنے کی کوشش کریں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات