Live Updates

عالمی برادری فلسطینی عوام کے حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے کیلئے اقدامات کرے، وزیراعظم

پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کرتے ہیں، شہباز شریف کا پیغام

پیر 28 نومبر 2022 22:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2022ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ فلسطین کی صورتحال بین الاقوامی امن و سلامتی کیلئے سنگین چیلنج ہے، عالمی برادری کو فلسطینی عوام کے حقوق کی خلاف ورزیاں رکوانے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا جو (آج) منگل کو منایا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات ہمارے لئے انتہائی تشویش کا باعث ہے کہ فلسطینی عوام سات دہائیوں سے زائد عرصے سے اسرائیل کے غیر قانونی قبضے کی وجہ سے مسلسل مشکلات کا شکار ہیں، قابض فوج کے ہاتھوں اپنی روزمرہ کی زندگیوں میں ناانصافیوں کے علاوہ وحشیانہ قبضے نے بدحالی، مایوسی اور ناامیدی کو جنم دیا ہے، مسلسل اسرائیلی تشدد کی تازہ ترین مثال اس سال اگست میں دیکھنے کو ملی جب غزہ میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 17 بچوں سمیت تقریباً 50 فلسطینی جاں بحق اور 300 سے زائد زخمی ہوئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے اقدامات سے استثنیٰ کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے، جب تک عالمی برادری مظالم کے خاتمے کے لئے کوئی ٹھوس اقدام نہیں کرتی فلسطینی عوام اموات، زخموں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا شکار ہوتے رہیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین کی صورتحال بین الاقوامی امن و سلامتی کے لئے ایک سنگین چیلنج ہے، عالمی برادری کو فلسطینیوں کے حقوق کی خلاف ورزیوں کے خاتمہ کے لئے اپنی کوششوں میں اضافہ کرنا چاہئے، دو ریاستی حل کے امکانات کو بہتر بنانے کے لئے ضروری ہے کہ اسرائیل کو مشرقی بیت المقدس سمیت مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اپنی غیر قانونی بستیوں کی توسیع سے روکا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے لئے اپنی مسلسل حمایت کا اعادہ کرتا ہے جن کا ذکر سلامتی کونسل اور جنرل اسمبلی کی متعلقہ قراردادوں میں کیا گیاہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم فلسطینی عوام کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے بین الاقوامی سطح پر متفقہ طریقہ کار کی بنیاد پر ایک قابل عمل، خود مختار اور فعال فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتے ہیں جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات