اسرائیل میں انتہائی دائیں بازو کی حکومت کی تشکیل سے مغربی کنارے میں کشیدگی میں اضافہ ہو گا، فلسطینی وزیراعظم

منگل 29 نومبر 2022 11:33

رام اللہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2022ء) فلسطین کے وزیراعظم محمد اشتیہ نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل میں انتہائی دائیں بازو کی حکومت کی تشکیل سے مغربی کنارے میں کشیدگی میں اضافے کا خدشہ ہو گا۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے فلسطینی کابینہ کے ہفتہ وار اجلاس میں کہا کہ اسرائیل کی اگلی حکومت آباد کاروں کی ایک ملیشیا تشکیل دینے کے لیے کام کرے گی جو مغربی کنارے میں پہلے سے کشیدہ صورتحال کو مزید بڑھا وا دے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے انتباہ کیا کہ اگلی اسرائیلی حکومت اسرائیلی آباد کاروں کوقانونی، مادی اور سیاسی طور پر تحفظ فراہم کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام یہودی بستیاں بین الاقوامی قانون کے تحت غیر قانونی اور ناجائز ہیں۔اسرائیلی وزیر اعظم کے نامزد کردہ بنجمن نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی اور انتہائی دائیں بازو کی نوم پارٹی نے اتوار کو ایک اتحادی معاہدے پر دستخط کیے، جس سے نیتن یاہو حکومت کی تشکیل کے لیے ایک قدم اور قریب ہو گئے ہیں جس سے اسرائیلی تاریخ میں سب سے زیادہ دائیں بازو کی حکومت بننے کی توقع ہے۔